دنیا میں ویکسین لگوانے کےلیے انعامات، پاکستان میں پابندیاں

وفاقی حکومت اور مختلف صوبائی حکومتوں نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد کےلیے مختلف پابندیوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت جمعرات کو پنجاب حکومت نے ایسے افراد کی موبائل سمز بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ویکسین نہیں لگوائیں گے۔
دوسری طرف دنیا کے مختلف ممالک میں حکومتوں اور پرائیویٹ کمپنیوں کی جانب سے شہریوں کو کورونا ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کےلیے کیش انعامات، لاٹری ٹکٹس اور دیگر رعایتوں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ جمعرات کو پنجاب حکومت کی جانب سے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں یہ حتمی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ویکسینیشن نہ کروانے والے افراد کی موبائل سمز بلاک کر دی جائیں گی۔ اسی طرح سندھ حکومت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کو جولائی میں تنخواہ نہیں ادا کی جائے گی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھی بدھ کو کہا تھا کہ سرکاری اور نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو ویکسین لازمی لگوانا ہوگی اور تمام سرکاری ملازمین کےلیے لازمی ہوگا کہ وہ 30 جون تک ویکسین لگوائیں۔ تاہم پی آئی اے کی جانب سے ویکسین لگوانے والے 50 سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں کےلیے اندرون ملک پروازوں پر کرائے میں 10 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک میں ویکسین لگوانے پر انعامات و مراعات امریکہ، برطانیہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں بھی ویکسینیشن کے عمل میں سستی سامنے آنے کے بعد شہریوں کےلیے پرکشش انعامات اور مراعات کا اعلان کیا گیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں 15 جون سے ویکسین لگوانے والے افراد کےلیے 11 کروڑ ڈالر سے زائد کے پرکشش انعامات کا اعلان کیا گیا ہے ان میں دس خوش نصیب افراد کو 15 لاکھ ڈالر فی کس اور تیس افراد کو 50 ہزار ڈالر فی کس انعامات کے علاوہ 20 لاکھ افراد کو دیگر نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔ اسی طرح نیو یارک کے گورنر نے بھی ’ویکس اینڈ اسکریچ‘ دس سرکاری سینٹرز میں ویکیسن لگوانے والے افراد کو لاٹری ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ دیگر امریکی ریاستوں نے بھی اسی طرح کی انعامات پر مبنی اسکیمیں متعارف کرائی ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی کمپنیوں ایمیزون، ٹارگٹ اور کروگر نے بھی اپنے ملازمین کےلیے ویکسین لگوانے پر سو ڈالر تک کیشن کا اعلان کیا ہے اور بعض دیگر کمپنیوں نے چھٹیوں اور دیگر مراعات کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیل نے گرین پاس نامی اسکیم کے تحت ویکسین لگوا کر قوت مدافعت حاصل کرنے والے افراد کےلیے سب سے پہلے رعایتوں کا اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت ایسے افراد کو سنیما گھروں، جمز، ہوٹلز اور ریستورانوں میں جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ سربیا میں صدر الیگزینڈر ووکیک نے کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو حکومت کی جانب سے نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک میں بھی ویکسین لگوانے والے افراد کو مفت مشروبات اور دیگر رعایتیں دی جا رہی ہیں۔
اس حوالے سے پنجاب کے محکمہ صحت کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سختیوں سے قبل ترغیبات دینے کی بھی کوشش کی گئی تھی تاہم اس کے باجود ویکسین نہ لگوانے والے افراد کےلیے سختی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ صوبے اور ملک کو اس وبا سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل سمز بلاک کرنے کے سخت فیصلے کے علاوہ کورونا ویکسین لگوانے والوں کو یہ رعایت بھی دی جا رہی ہے کہ وہ جمز اور سنیما گھروں میں جا سکتے ہیں۔ اس سوال پر کہ اس سے قبل کیا ترغیبات دی گئی تھیں ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے لاہور کے بڑے مالز کے ساتھ مل کر ویکسین لگوانے والے افراد کےلیے ڈسکاؤنٹ سکیمیں متعارف کروائی تھیں۔ تاہم ماہرین کے خیال میں خوف کے بجائے ترغیب ویکسین لگوانے کا بہتر طریقہ ہے۔ ماہر صحت اور لاہور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں حکومت کو شہریوں کو ویکسین کی طرف راغب کرنا چاہیے۔ خوف اور ڈر سے زیادہ فائدہ نہیں ہوتا بلکہ حکومت کو چاہیے کہ ویکسین کے فوائد کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس طرف آئیں۔
