دوست مزاری جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے

لاہور کی مقامی عدالت نے سرکاری زمین پر قبضے کے کیس میں پنجاب اسمبلی کےسابق ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کی تحویل میں دے دیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن حکام نے دوست محمد مزاری کو ضلع کچہری میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا، عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر دوست محمد مزاری کا ریمانڈ دینے کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
خیال رہے سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو گزشتہ رات لاہور سے گرفتار کیا گیا اور ان پر سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کا الزام ہے۔
اینٹی کرپشن کے وکیل نے سابق ڈپٹی اسپیکر کا جسمانی ریمانڈ مانگا اور بتایا کہ دوست محمد مزاری سے زمین پر قبضے کے الزام کی چھان بین کرنی ہے اس لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے جبکہ سابق ڈپٹی اسپیکر کے وکیل نے ریمانڈ کی مخالفت کی۔
دوست محمد مزاری نے میڈیا سے گفتگو میں اپنی گرفتاری کو سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائی قرار دیا۔ سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
مقامی عدالت نے ہدایت کی کہ دوست محمد مزاری کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر یکم نومبر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔
