مسلسل 3 ایوارڈز؛ یاسر نے اقرا کو شوبز کا وسیم اکرم کہہ ڈالا

اداکارہ اقرا عزیز نے لکس اسٹائل ایوارڈز 2020 میں ڈرامہ ‘رانجھا رانجھا کردی’ میں اپنے کردار پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت لیا، جو 2 سال کے عرصے میں ان کا تیسرا ایوارڈ ہے۔
اقرا عزیز کی اس جیت پر ان کے شوہر یاسر حسین نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک پوسٹ میں نہ صرف اقرار عزیز کی اداکاری کی تعریف کی بلکہ انہیں بہترین بیوی بھی قرار دیا۔ اداکار یاسر حسین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کسی بھی سطح پر ہیٹ ٹرک ایک زبردست کامیابی ہے، مبارک ہو بیگم اقرا عزیز۔ انہوں نے لکھا کہ 2 سال میں بہترین اداکارہ کے 3 (لکس) ایوارڈز، ایسی ہیٹ ٹرک تو وسیم بھائی (وسیم اکرم) کی بھی نہیں تھی۔ یاسر حسین نے لکھا کہ آپ نہ صرف بہترین اداکارہ ہیں بلکہ بہترین اہلیہ اور دوست بھی ہیں، مجھے آپ پر فخر ہے۔ اداکارہ اقرا حسین نے یاسر حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کمنٹ کیا کہ ہمیشہ میرا ساتھ دینے اور میرے لیے موجود رہنے کا شکریہ۔انہوں نے لکھا کہ آپ نے مجھے اتنی طاقت اور محبت دی کہ یہ غیر حقیقی محسوس ہوتا ہے۔ٹی وی اداکارہ نے 2019 میں ڈرامہ ‘سنو چندا’ کےلیے بہترین اداکارہ کا ویورز چوائس اور کریٹکس چوائس لکس اسٹائل ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ اور اس سال انہوں نے رانجھا رانجھا کردی میں اپنی شاندار اداکاری پر بہتری اداکارہ کریٹکس چوائس 2020 کا لکس اسٹائل ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
