دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئےپاکستان، امریکہ میں تعاون پر اتفاق

امریکہ اور پاکستان نے مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ داعش خراسان، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ممالک کے مابین شراکت داری خطے میں سلامتی کو فروغ دے گی۔
دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور امریکہ کے مذاکرات کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ اور امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کے مطابق جمعے کو واشنگٹن میں امریکی دفتر خارجہ کی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی سفیر ایلزبتھ رچرڈ اور اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ اور او آئی سی میں سفیر سید حیدر شاہ نے امریکہ پاکستان انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔
یہ شراکت داری بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ اور علاقائی تعاون کے ماڈل کے طور پر کام کرے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ میں علاقائی اور عالمی سلامتی کو درپیش اہم ترین چیلنجز بشمول تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور داعش خراسان سے نمٹنے کے لیے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعاون پر زور دیا گیا۔‘
