دیا مرزا کے ہاں قبل از وقت بچے کی پیدائش

رواں برس فروری میں دوسری شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ دیا مرزا کے ہاں دوسرے بچے کے پیدائش ہوئی ہے۔
دیا مرزا نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپنے بچے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ دراصل ان کے ہاں دو ماہ قبل بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر بچے کے ہاتھ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تفصیلی پوسٹ میں بتایا کہ بعض طبی پیچیدگیوں کے باعث ان کے ہاں 14 مئی کو اور وقت سے کچھ ہفتے قبل ہی بچے کی پیدائش ہوئی۔
اداکارہ نے بتایا کیا کہ دوران حمل ان میں بعض طبی پیچیدگیاں ہوگئی تھیں، جن کی بروقت تشخیص نے انہیں بڑے خطرے سے بچالیا اور ڈاکٹرز نے مئی کے وسط میں ہنگامی بنیادوں پر ان کی سرجری کرکے بچے کی قبل از وقت پیدائش کروائی۔
دیا مرزا کے مطابق سرجری کے ذریعے وقت سے کچھ ہفتے قبل ہی بچے کی پیدائش ہونے کی وجہ سے ان کا بچہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل رہا مگر اب اس کی صحت بہتر ہے۔
اداکارہ نے شکرانے ادا کیے کہ ان کی اور ان کے بچے کی زندگی بچ گئی اور ڈاکٹروں کی بروقت تشخیص اور علاج نے انہیں بہت بڑے مسئلے اور مصیبت سے بچایا۔
دیا مرزا نے بتایا کہ انہوں نے بیٹے کا نام آریان آزاد ریکھی رکھا ہے اور اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش پر وہ اور ان کے شوہر ویبھو ریکھی بہت خوش ہیں۔
