دیر بالا: دو گروہوں میں مسلح تصادم، 9 افراد ہلاک

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع دیر بالا میں دو گروہوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دیر بالا کے دور دراز پہاڑی علاقے چیراگلئی میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق دونوں گروہ کے درمیان جنگل کی ملکیت پر تنازع تھا جس پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں کا جانی نقصان ہوا۔دیر کے ڈسٹرک پولیس افسر (ڈی پی او) میاں نصیب جان نے کہا کہ واقعے کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 9 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر منتقل کردیا گیا۔ڈی پی او مزید کہنا تھا کہ دونوں گروہ کسی جنازے میں شرکت کر کے واپس آرہے تھے جب آپس میں تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
دونوں فریقین کے مابین جھڑپ کے بعد بھاری پولیس نفری کو علاقے پہنچایا گیا اور پہاڑی علاقے کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے کر ملزمان کے خلاف سخت اپریشن شروع کردیا گیا۔
گزشتہ برس 5 جون کو ملتان کی تحصیل جلال پور پیروالا میں معمولی تنازع پر دوگروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 13 شدید زخمی ہوگئے تھے۔قبل ازیں صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں دو مسلح گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو ئے تھے۔اسی طرح صوبہ سندھ کے علاقے خیر پور میں زمین کے تنازع پر دو گروہوں میں مسلح تصادم ہوا جو 4 افراد کی ہلاکت کا سبب بنا۔
