پاکستان کو راضی کرنے پر رجیو شکلا ICC کے شکر گزار

کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے لیے آئی سی سی کے کردار کو سراہتے ہوئے ادارے کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ آئی سی سی کی پاکستان اور بنگلادیش کرکٹ بورڈز کے ساتھ مذاکرات کے بعد جو فیصلہ سامنے آیا ہے، وہ کرکٹ کے مفاد میں ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے نمائندے لاہور کا دورہ کر کے پاکستان اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے تفصیلی بات چیت کر چکے ہیں۔
راجیو شکلا نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد کسی بھی تنازع کو حل کرتے ہوئے کرکٹ کو ترجیح دینا تھا اور خوشی کی بات یہ ہے کہ تمام فریقین ایک قابلِ قبول اور دوستانہ حل پر متفق ہو گئے۔ انہوں نے اس اقدام کو آئی سی سی کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ ادارے نے نہ صرف تمام خدشات دور کیے بلکہ پاکستان کو دوبارہ میز پر لا کر فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر نے مزید کہا کہ اب 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ اپنے مقررہ وقت پر ہوگا اور پاکستان اس میں شرکت کرے گا، جو شائقین کے لیے خوشخبری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات بھی مذاکرات کے بعد کافی حد تک دور ہو گئے ہیں اور انہوں نے بھی آئی سی سی کی کوششوں کو سراہا ہے۔
راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے فائدہ مند ہے اور اس سے ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جس میں کرکٹ سب سے بڑی فاتح بن کر سامنے آئی ہے۔
