راشن پروگرام میں شمولیت سے انکار پر وزیراعظم سندھ پر برہم

سندھ حکومت کے احساس راشن پروگرام میں حصہ نہ لینے پر وزیراعظم کی جانب سے شدید مذمت کی گئی، صوبے کے عوام اس پروگرام سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ پنجاب، خیبر پختو نخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پہلے ہی اس پروگرام میں حصہ لے رہے جبکہ بلوچستان نے بھی اس میں شمولیت پر رضامندی کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سماجی فلاح کے پروگرام میں حصہ نہ لینے پر حکومت سندھ کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا جس کی وجہ سے صوبے کے عوام محروم رہیں گے۔

کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نے حکومت سندھ سے کہا تھا کہ سیاسی اختلافات کو دفنا کر پروگرام میں شرکت کریں لیکن صوبائی حکومت اسے مسترد کرنے کے درپے ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ملک کے دیگر حصوں کے لوگ احساس پروگرام سے مستفید ہوں گے سندھ کے عوام اس سے محروم رہیں گے۔

Back to top button