راکھی ساونت کا شوہر اسے بیوی ماننے سے انکاری

بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی دوسری شادی ایک معمہ بن گئی ہے، کیونکہ انکے دوسرے خاوند عادل خان نے سوشل میڈیا پر وائرل اپنی شادی کی تصاویر کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا ہے۔ اس سے پہلے راکھی نے عادل خان سے شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو حیران کر دیا تھا، تصاویر میں راکھی اور عادل خان کو پھولوں کی مالا جبکہ نکاح کی ویڈیو میں راکھی کو کلمہ پڑھ کر نکاح قبول کرتے دیکھا گیا تھا۔  راکھی اور عادل کے نکاح نامے پر اداکارہ کے نام کے ہمراہ ’’فاطمہ‘‘ لکھا ہے جس کے باعث بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ راکھی نے شادی کی خاطر دین اسلام قبول کرکے اپنا نام بھی تبدیل کر لیا ہے، راکھی کی جانب سے شیئر کردہ تصاویر میں میرج سرٹیفکیٹ بھی موجود ہے جس پر جولائی 2022 کی تاریخ درج ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی شادی گزشتہ برس ہوئی تھی جس کا اعلان انہوں نے اب کیا ہے تاہم اب راکھی کے نئے شوہر عادل خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو فیک قرار دے دیا جس کے بعد راکھی کی دوسری شادی نے ایک نئے تنازع کو جنم دے دیا ہے۔

عادل خان کے بیان پر راکھی ساونت بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران پھٹ پڑیں اور زاروقطار رو رو کر دہائیاں دینے لگیں، بھارتی میڈیا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر راکھی سے کی جانے والی آڈیو کال شیئر کی گئی ہے جس میں راکھی کہہ رہی ہے، ایک طرف موت کے منہ میں جاتی ماں کو سنبھالوں یا پھر عادل کا شادی سے انکار کا دکھ سنبھالوں، مجھ پر ظلم بند کرو، مجھے شادی کے بعد بھی ایک پل سکون نہیں ملا، عادل اور میں 7 مہینے سے بطور میاں بیوی اکٹھے رہ رہے ہیں، میں نے عادل سے کہا تھا کہ مجھے شادی کی تصاویر وائرل کرنی ہیں لیکن انہوں نے کہا تھا کہ ابھی نہیں کیوںکہ میری بہن کی شادی ہے۔ دوران کال راکھی نے مزید کہا کہ اگر عادل نے مجھ سے شادی کو خاندان کے آگے قبول نہیں کرنا تھا تو مجھ سے شادی کیوں کی میری زندگی خراب کیوں کی ؟ میں نے عادل سے شادی کیلئے اسلام قبول کیا، اپنا نام بدلا، اب میں عادل کے طور طریقے اپنا رہی ہوں۔ عادل نے مجھ سے کہا تھا کہ شادی کو میڈیا سے خفیہ رکھنا۔ میں نے تسلیم کیا تھا کہ دنیا کو نہیں بتائیں گے لیکن اب جب شادی کی تصویریں وائرل ہو چکی ہیں تو انہیں اس حقیقت کو تسلیم کر لینا چاہیئے۔

Back to top button