’’را‘‘ کیلیے کام کرنے والا کراچی پولیس کا ایک اور افسر گرفتار

ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررزم ونگ نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے کام کرنے والے اسپیشل برانچ پولیس کے اے ایس آئی گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نیٹ ورک کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررزم ونگ نے کراچی میں اہم کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل برانچ پولیس کے اے ایس آئی کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم کراچی ایئرپورٹ پر سرویلنس یونٹ میں ڈیوٹی کر رہا تھا، ملزم 1991 میں سندھ پولیس میں بھرتی ہوا تھا جس کو محمود صدیقی کی ہدایت پر رقم فراہم کی جاتی تھی اور ملزم 2008 میں ٹریننگ کے لیے بھارت بھی جا چکا ہے۔ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ملزم ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے اور ایئرپورٹ پر ساتھیوں کی آمدورفت میں سہولت کاری بھی کرتا تھا جب کہ گرفتار ملزمان سے جے آئی ٹی تحقیقات کر رہی ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 6 مبینہ ملزمان پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں جن میں سے کراچی پولیس کا ایک اے ایس آئی پہلے بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
خیال رہے کچھ روز قبل بھی کراچی میں ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ نے اہم کارروائی کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیل کے رکن آصف صدیقی کو گرفتار کیا تھا۔گرفتار ملزم 17 گریڈ کا سرکاری ملازم تھا، ملزم قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے متعلق معلومات بذریعہ ای میل بھارت بھیجتا تھا، حساس مقامات کی تصاویر اور تفصیلات بذریعہ ای میل بھیج رہا تھا۔ملزم آصف صدیقی اسلحے کی ترسیل میں بھی ملوث ہے، ملزم کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزم کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
