رشی کپور کے انتقال کے بعد اہلیہ نیتو کا پہلا پیغام

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کے انتقال کے چند روز بعد ان کی اہلیہ اداکارہ نیتو سنگھ نے اپنا پہلا پیغام جاری کردیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں نیتو سنگھ نے اسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے کا شکریہ ادا کیا جہاں ان کے شوہر زیر علاج تھے۔ انسٹاگرام پر شیئر کردہ اپنی پوسٹ میں نیتو سنگھ نے لکھا کہ ’ایک فیملی ہونے کی حیثیت سے ہمیں احساس ہے کہ ہمارا بہت بڑا نقصان ہوا ہے، لیکن جب آج ہم ساتھ بیٹھتے ہیں تو ماضی میں گزرے کچھ مہینے یاد آرہے ہیں اور تب احساس ہوتا ہے کہ ہمیں بےحد شکرگزار ہونا چاہیے، خاص طور پر ایچ این ریلائنس اسپتال کے ڈاکٹرز کا‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ڈاکٹرز کی پوری ٹیم، بھائیوں اور نرسز جن کی سربراہی ڈاکٹر ترنگ گیانچندانی نے کی، نے میرے شوہر کا خیال اس طرح رکھا جیسے وہ ان کے اپنے ہوں، انہوں نے ہمیں مشورہ اس طرح دیا جیسے اپنے ان کے اپنے ہوں، اور اس سب اور بہت کچھ کےلیے میں اپنے دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں‘۔
خیال رہے کہ رشی کپور اور نیتو سنگھ کی شادی 1980 میں ہوئی تھی، ان کی بیٹی ردھیما کی پیدائش اس ہی سال ہوئی تھی جو پیشے سے فیشن ڈیزائنر ہیں، جب کہ بیٹے رنبیر کپور کی پیدائش 1982 میں ہوئی جو اس وقت بالی ووڈ کے کامیاب اداکار مانے جاتے ہیں۔
نیتو سنگھ اور رشی کپور نے کیریئر میں ایک ساتھ 12 فلموں میں کام کیا جن میں کھیل کھیل میں، کبھی کبھی، امر اکبر اینتھونی اور دنیا میری جیب میں شامل ہیں۔
ان کی جوڑی کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب جوڑیوں میں کیا جاتا تھا، جب کہ ان کا شادی کا کارڈ بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔
اس سے قبل نیتو سنگھ نے رشی کپور کی ایک اور تصویر جاری کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’ہماری کہانی کا اختتام‘۔
رشی کپور کا انتقال 30 اپریل 2020 کو ممبئی میں ہوا، انہیں سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد ایک رات قبل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ان کے گھرانے نے ان کی موت کی خبر مداحوں سے شیئر کرنے کےلیے ایک بیان بھی جاری کیا تھا جس میں درخواست کی تھی کہ مداح رشی کپور کو مسکراتے ہوئے یاد کریں۔
خیال رہے کہ رشی کپور تقریباً 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں 29 اپریل کی رات سانس لینے میں تکلیف پر اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
ماضی میں بحیثیت ہیرو رشی کپور اپنی رومانوی اداکاری کے باعث جانے جاتے تھے، انہوں نے بوبی، امر اکبر اینتھونی، چاندنی، قلی، لیلیٰ مجنوں، سرگم، بول رادھا بول اور متعدد سپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔
