رنبیر کپور نے اپنی کونسی غلطیوں کا اعتراف کر لیا؟

حال ہی میں ایک بیٹی کے والد بننے والے بالی ووڈ سٹار رنبیر کپور نے بھارتی فلم انڈسٹری میں مداحوں کی دن بدن کم ہوتی دلچسپی کو تسلیم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب فلموں میں اداکاری اس معیار کی نہیں رہی جیسی ہونی چاہئے تھی۔ رنبیر کپور کئی ماہ سے عوام کی نظروں سے اوجھل تھے اور بیٹی کی پیدائش کے بعد پہلی بار تب سامنے آئے جب انہوں نے جدہ میں جاری ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی۔ اس موقع پر وہ گھنی داڑھی میں نظر آئے، نیلے رنگ کا لائنز والا سوٹ اور سفید شرٹ پہن رکھی تھی، تقریب کے بعد رنبیر نے صحافیوں اور مداحوں سے گفتگو بھی کی، اس موقع پر انہوں نے اپنی بڑی ’غلطیوں‘ کا ذکر کیا جن میں سے بقول ان کے ایک فلم ‘شمشیرا’ میں کام کرنا غلطی تھی۔
اس فلم کا بہت انتظار کیا گیا کیونکہ اس میں رنبیر کپور نے چار سال بعد سلور سکرین پر دکھائی دینا تھا، سلمان خان نے شمشیرا کو ایک ’مشکل ترین‘ فلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ باکس آفس کا ایک بڑا اپ سیٹ تھا جب کہ داڑھی رکھ کر سخت گرمی میں اس کی شوٹنگ کرواتے ہوئے ایسا لگتا تھا جیسے چہرہ پگھل رہا ہو۔
رنبیر کپور نے بطور پروڈیوسر فلم ’جگا جاسوس‘ بنانے اور اس میں کام کرنے کو ایک اور بڑی غلطی قرار دیا، 2017 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں رنبیر کپور کے ساتھ کترینہ کیف نے کام کیا تھا، فلم کی ریلیز میں مختلف وجوہات کی بنا پر کافی تاخیر ہو گئی تھی اور وہ توقعات پر پورا نہیں اُتر سکی تھی۔ رنبیر کے بقول یہ فلم میں نے پروڈیوس کی تھی جو میرے لیے جوش سے بھرا پراجیکٹ تھا اور اس کی ہدایات انوراگ باسو نے دی تھیں، یہ بہت اچھے اور جاندار خیال پر مبنی تھی مگر کامیاب نہیں رہی، جس سے مجھے سخت افسوس ہوا، یہ میرے کیریئر کی واحد فلم ہے، جس سے مجھے دُکھ پہنچا۔
پچھلے کچھ عرصے کے دوران ریلیز ہونے والی فلموں کی خراب کارکردگی کے حوالے سے رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے کہ سنیما میں جا کر فلم دیکھنے کا کلچر دم توڑ رہا ہے اور ایسا خصوصی طور پر زیادہ ٹکٹ والی فلموں کے ساتھ ہو رہا ہے۔
تاہم انہوں نے ساتھ ہی امید بھی ظاہر کی کہ ’جاندار کہانیوں کی بدولت جلد ہی انڈسٹری اس صورت حال سے نکل جائے گی، رنبیر کپور کی آخری ریلیز ہونے والی براہمسترا ان کی اہلیہ عالیہ بھٹ کے ساتھ پہلی فلم ہے، دونوں چند برس قبل اسی فلم کی شوٹنگ کے دوراان ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے تھے اور بعدازاں شادی کر لی تھی، جدہ میں جاری ریڈ سی فلم فیسٹیول میں شاہ رخ خان سمیت بالی وڈ کے دیگر سٹارز نے بھی شرکت کی۔
