رواں برس حج پیکج 4 لاکھ 86 ہزار روپے تک ہوگا

وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری حج پالیسی 2020 کے مطابق رواں سال پاکستان میں جنوبی ریجن کےلیے حج پیکج 4 لاکھ 55 ہزار 6 سو 95 روپے ہوگا، جس میں کوئٹہ، کراچی اور سکھر شامل ہیں۔ شمالی ریجن کےلیے حج پیکج 4 لاکھ 63 ہزار 4 سو 45 روپے ہوگا جس میں اسلام آباد، پشاور، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
پالیسی کے مطابق قربانی کےلیے 22 ہزار 8 سو 25 روپے اختیاری ہوں گے، قربانی کے ساتھ جنوبی ریجن کےلیے حج اخراجات 4 لاکھ 78 ہزار 5 سو 20 روپے اور شمالی ریجن کےلیے 4 لاکھ 86 ہزار روپے ہوں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس حج اخراجات میں 29 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 2 سو 10 پاکستانی شہری حج کرنے جائیں گے، سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 5 سو 26 عازمین جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت 71 ہزار 6 سو 84 عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔ پالیسی کے مطابق رواں برس سرکاری حج اسکیم کےلیے 60 فیصد اور نجی حج اسکیم کےلیے 40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال حج کےلیے 24 فروری سے لے کر 4 مارچ تک درخواستیں جمع ہوں گی اور اس حوالے سے تمام قومی بینکوں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
حج کےلیے درخواست گزاروں کے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی شرط لازمی ہوگی جبکہ سینئر سٹیزن کی عمر کی حد 80 سال سے کم کرکے 70 سال کردی گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق مسلسل 3 بار ناکام درخواست گزار بلا قرعہ اندازی کامیاب تصور ہوں گے جبکہ پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں کےلیے ایک ہزار حجاج کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت اوورسیز حجاج کے انتخاب کےلیے بھی حج پالیسی کی شرائط کا اطلاق ہوگا۔ حج پالیسی 2020 کے مطابق ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل افراد حج کےلیے درخواست دینے کے اہل نہیں ہیں۔
رواں برس پاکستان میں بائیو میٹرک کےلیے اعتماد سینٹرز کی تعداد 29 سے بڑھا کر 35 کی جائے گی جس میں موبائل یونٹس بھی شامل ہوں گے۔ گلگت بلتستان میں عازمین حج کےلیے عارضی کیمپس قائم کیے جائیں گے اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے حجاج کرام کو گلگت بلتستان سے اسلام آباد ایئرپورٹ لے جایا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کو اسلام آباد ایئرپورٹ کے ساتھ ساتھ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس تک توسیع دینے کےلیے سعودی حکام سے بات چیت جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق ایام حج کے دوران مشائر میں حجاج کو درپیش مسائل کے حل کےلیے پاکستان حج مشن کے عہدیداران اور سعودی حکام پر مشتمل ریپڈ رسپونس کمیٹی (آر سی سی) یا جوائنٹ کور کمیٹی (جے سی سی) تشکیل دی جائے گی۔ گزشتہ دنوں وزیر مذہبی امور وزیر نور الحق قادری نے حج پالیسی 2020 کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ شمالی ریجن کےلیے رواں سال حج پیکج 4 لاکھ 90 ہزار روپے جبکہ جنوبی ریجن کےلیے حج پیکج 4 لاکھ 80 روپے ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ حج پیکج کی قیمت میں کمی لائی جا سکے اور بتایا تھا کہ حج پیکج میں اضافے کی وجہ فضائی اخراجات میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button