رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں باسمتی چاول کی برآمدات میں 38 فیصد کمی

کورونا وائرس وبائی مرض کے دوران نان باسمتی کے بھارت کی طرف سے پیش کردہ کم قیمتوں اور اکتوبر 2020 سے اعلی فریٹ اور شپمنٹ نرخوں کی وجہ سے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی چاول کی برآمدات میں کمی دیکھی گئی۔
گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں جولائی تا دسمبر 2020-21 کے دوران ملک میں مجموعی طور پر چاول کی برآمدات مقدار کے حساب سے 10 فیصد کم 18 لاکھ 24 ہزار ٹن اور قیمت کے اعتبار سے 6.74 فیصد، 96 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہوگئی۔ کل برآمدات میں سے باسمتی چاول کی برآمدات پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں مقدار کے حساب سے 38 فیصد تک گھٹ کر 2 لاکھ 65 ہزار 672 ٹن اور قیمت کے اعتبار سے 31 فیصد کم ہوکر 26 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہوگئی جب کہ نان باسمتی برآمدات 3 فیصد کمی سے 15 لاکھ 58 ہزار ٹن اور 7.45 فیصد، 70 کروڑ ڈالر ہوگئی۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ) کے چیئرمین عبد القیوم پراچہ نے بتایا کہ ‘پاکستان کے نان باسمتی چاول کی چینی خریداری نے ہمارے برآمد کنندگان کو ستمبر سے دسمبر 2020 میں مصروف رکھا’۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی باسمتی کو یورپی منڈیوں میں بہت پسند کیا جاتا ہے کیوں کہ بھارت کے مقابلے میں ہماری مقامی فصل میں کیڑے مار ادویات کی سطح یورپی یونین کے معیار کے مطابق کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے حوالے سے امید کی کرن نومبر 2020 کے بعد سے بڑھ رہی ہے جو اکتوبر 2020 کے دوران 78 ہزار 160 ٹن، 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی جب کہ اکتوبر میں یہ 43 ہزار 32 ٹن، 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ‘مجھے امید ہے کہ مالی سال 2021 کا دوسری ششماہی پہلی ششماہی سے کہیں زیادہ بہتر ثابت ہوگی کیوں کہ کئی چیزوں میں بہتری آئی ہے اور زیادہ تر انحصار چاول کی قیمتوں پر ہوگا’۔ باسمتی برآمدات میں مجموعی طور پر یورپ کا 40 فیصد حصہ ہے جس کے علاوہ یہ خلیجی ممالک، آسٹریلیا، امریکا وغیرہ کو بھی برآمد کی جارہی ہے۔ نان باسمتی منڈیوں میں چین، افریقی ممالک، مشرق بعید وغیرہ شامل ہیں۔ پاکستان میں سالانہ 74 لاکھ ٹن چاول کی پیداوار ہوتی ہے جس میں سے 40 لاکھ ٹن سے زیادہ برآمد ہوتی ہے جب کہ باقی مقامی طور پر استعمال ہوتی ہے۔ ملک میں مالی سال 2020 میں 41 لاکھ 66 ہزار ٹن چاول برآمد کی گئی تھی جس سے 2 ارب 17 کروڑ ڈالر کی آمدنی ہوئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button