رواں ہفتے 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا

ملک بھر میں حالیہ ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ مہنگائی کی شرح میں 0.29 فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ بنیادوں پر حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح 29.44فیصد رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 20 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق پیاز کی قیمتوں میں 10.22فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 27.40 فیصد، خشک دودھ کی قیمتوں میں 1.18 فیصد اضافہ ہوا ہے،آلو کی قیمتوں میں4.87فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 4.49فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں 3.06 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 5.16فیصد، ککنگ آئل کی قیمتوں میں 0.22 فیصد، لہسن کی قیمتوں میں 0.73 فیصد اور دال مونگ کی قیمتوں میں 0.98 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 1.67 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں 0.45 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 0.36 فیصد کمی ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 24.58فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 24.03فیصد اور 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 28.13فیصد رہی۔
علاوہ ازیں 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 30.54 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 35.21فیصد رہی ہے۔
