ریاض میں ورلڈ ڈیفنس شو کا آغاز، پاکستانی پویلین توجہ کا مرکز بن گیا

ریاض میں ورلڈ ڈیفنس شو بھرپور انداز میں جاری ہے، جو عالمی دفاعی صنعت کے رہنماؤں، پالیسی سازوں، عسکری ماہرین اور سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
عالمی دفاعی نمائش خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں منعقد کی جا رہی ہے۔
ورلڈ ڈیفنس شو کی افتتاحی تقریب کا باضابطہ افتتاح سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کیا۔
عالمی نمائش کا اہتمام جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز کے تحت کیا گیا ہے، جس میں دنیا بھر سے درجنوں ممالک کی دفاعی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔
نمائش میں فضائی، بری، بحری، خلائی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں جدید دفاعی ٹیکنالوجیز، ہتھیاروں کے نظام اور جدید سکیورٹی حل پیش کیے جا رہے ہیں۔
ورلڈ ڈیفنس شو اس وقت عالمی دفاعی صنعت کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، جہاں مستقبل کے دفاعی تقاضوں اور مشترکہ سلامتی کے چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔
ورلڈ ڈیفنس شو میں پاکستان کا پویلین بھی نمایاں طور پر قائم کیا گیا ہے، جہاں پاکستان کی دفاعی صنعت سے وابستہ قریباً 15 سے 20 معروف ادارے اور کمپنیاں اپنی جدید دفاعی مصنوعات، ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر رہی ہیں۔
پاکستانی پویلین کو عالمی وفود کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی اور بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، اعلیٰ سفارتی و عسکری حکام، دفاعی ماہرین اور پاکستانی وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
