ریحام خان اور جمائمہ خان نے کپتان پر حملے تیز کر دئیے

وزیراعظم عمران خان کی برطانیہ میں مقیم دو سابق بیویوں نے کپتان اور ان کی تیسری بیوی بشریٰ بی بی عرف پنکی پیرنی کو نشانے پر رکھ لیا اپنی تنقیدی حملوں کے وار تیز کردئیے ہیں۔
کپتان کی پہلی بیوی جمائما خان نے بشریٰ بی بی پر کالا جادو کرنے کا الزام لگایا تو دوسری بیوی ریحام خان نے کپتان کو اپنے قریب ترین ہمراز نعیم الحق کے جنازے میں شرکت نہ کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی حکومت ختم ہونے کی پشین گوئی کر دی۔
سچ تو یہ ہے کہ عمران خان کے لیے ایک طرف سیاسی اور انتظامی مسائل کا پہاڑ ہے تو دوسری طرف دو سابقہ بیویوں نے ان کے لئے پریشانیاں کھڑی کر دی ہیں۔ عمران خان کی پہلی بیوی جمائمہ خان نے ایک ٹویٹ میں ایک خیالی فلمی پوسٹر شیئر کرکے اشارتاً کہا کہ پنکی پیرنی کالاجادو کرتی ہیں اور کپتان انہی کے کہنے پر سیاسی اور انتظامی فیصلے کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ جمائمہ خان اوران سے کپتان کے دونوں بیٹے قاسم اور سلیمان عمران خان کی تیسری شادی پر ناخوش ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی ملاقات ہوئے عرصہ بیت گیا ہے۔
ادھر عمران خان کی دوسری مطلقہ بیوی ریحام خان نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کے گھر جانے کا وقت ہوگیا ہے یعنی کپتان کی جلد چھٹی ہونے والی ہے۔ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں ریحام خان نے عمران خان کو ایک مرتبہ پھر سلیکٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملک کو بچانا ہے تو سلیکٹڈ کو گھر بھیج کر عوام کے منتخب نمائندوں کو واپس لانا ہوگا۔ انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔سٹاک مارکیٹ کریش کرچکی ہے اور مہنگائی اپنے عروج ہے۔ حکومت نے 70 سال میں لیے گئے کل قرضے کا 40 فیصد صرف 15 ماہ میں لے لیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں ریحام خان نے کہا کہ عمران خان سے ذرہ بھر تنقید برداشت نہیں ہوتی اور مین سٹریم میڈیا کی آواز دبانے کے بعد اب انھوں نے سوشل میڈیا کا گلا گھونٹنے کے لیے نئے قوانین کا نفاذ کر دیا ہے جو کہ بنیادی انسانی حقوق اور آئین پاکستان کے بھی منافی ہیں۔
یاد رہے کہ ریحام خان پنکی پیرنی کواپنی اورعمران کی طلاق کی ذمہ دار سمجھتی ہیں۔ ایک اور ویڈیو بیان میں ریحام خان نے بالواسطہ پنکی پیرنی پر حملہ کرتے ہوئے یہ سوال کیا تھا کہ روحانیت میں گھرے کپتان کی وجہ سے حکومت ناکامیوں سے دوچار ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ریحام خان نے کپتان پر تنقید کی ہو بلکہ اس سے قبل بھی ریحام نے اپنی خودنوشت میں عمران خان کی نجی زندگی اوران کے کردار کے حوالے سے بہت سے انکشافات کرکے کپتان کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا تھا۔ تاہم موجودہ صورتحال میں عمران خان چومکھی لڑائی لڑ رہے ہیں کیونکہ پہلی باراشاروں کنایوں میں جمائمہ خان نے بھی بشریٰ بی بی کو کالا جادو کرنے والی قرار دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button