ریحام کا کپتان سے طلاق کے بارے میں ہوشربا انکشاف

وزیراعظم عمران خان کی دوسری اہلیہ ریحام خان نے انکشاف کیا ہے کہ میری زندگی کا سب سے بھیانک دن وہ تھا جب مجھے پتہ چلا کہ میرا شوہر عمران خان میرے پہلے خاوند ڈاکٹر اعجاز الرحمان کے ساتھ رابطے میں تھا اور میرے خلاف سازش کر رہا تھا۔
خیال رہے کہ ریحام خان کی پہلی شادی ان کے پھوپھی زاد کزن ڈاکٹر اعجاز الرحمان سے ہوئی، جس سے ان کے تین بچے ہیں۔ تاہم ریحام خان نے اپنے شوہر پر تشدد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے طلاق لے لی اور بعد ازاں عمران خان سے دوسری شادی کر لی۔ عمران نے جنوری 2015 میں ریحام خان سے شادی کی تصدیق کی تھی تاہم اس حوالے سے چہ مگوئیاں اکتوبر 2014 سے ہی جاری تھیں۔ لیکن شادی کے چند ماہ بعد ہی ریحام اور عمران کے مابین اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگیں اور بالآخر 30 اکتوبر کو 2015 میں عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دینے کی تصدیق کردی۔
سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے ایک سوال جواب سیشن میں جب ریحام سے یہ پوچھا کہ ان کا عمران خان کے ساتھ سب سے برا تجربہ کیا تھا تو ریحام نے بتایا کہ جب انھیں معلوم ہوا کہ عمران خان ان کے سابقہ شوہر ڈاکٹر اعجاز سے مل کر ان کے خلاف سازش کر رہے ہیں تو انھیں بہت تکلیف پہنچی اور یہ دن ان کی زندگی کا سب سے برا ترین دن تھا۔
ریحام خان سوشل میڈیا پلیٹ فورمز پر خاصی متحرک رہتی ہیں، سماجی معاملہ ہو یا سیاسی ایشو ریحام ٹوئٹر پر اپنی رائے کا بھرپور اظہار کرتی ہیں اور اکثر اوقات کپتان سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتی نظر آتی ہیں۔ اسی وجہ سے ان کی ٹویٹس پر جہاں ان کے ناقدین تنقیدی تبصرے کرتے ہیں وہیں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد ان کا دفاع بھی کرتی دکھائی دیتی ہے۔ حال ہی میں ریحام خان نے اپنے مداحوں کے ساتھ سوال جواب کا سیشن شروع کیا جس میں انہوں نے اپنے فالوورز کو پورا موقع دیا کہ وہ جو کچھ چاہتے ہیں ان سے بلا جھجک پوچھ سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھ سے سوال پوچھیے کیونکہ آج میرا مزاج غیر معمولی طور پر خوشگوار ہے۔‘
ریحام کے اس ٹویٹ کی دیر تھی کہ AskRehamKhan کے ہیش ٹیگ سے سوشل میڈیا صارفین کے سوالات کا تانتا بندھ گیا۔ کچھ صارفین نے ان سے ان کی پسند کے گانے، فلموں اور شخصیات کے بارے میں دریافت کیا تو کچھ نے ملک کی موجودہ صورتحال، حکومت کی کارکردگی اور سیاست سے جڑے مختلف سوالات پوچھ ڈالے۔جبکہ کئی صارفین ایسے بھی تھے جنہیں عمران خان سے متعلق ان کے خیالات جاننے میں دلچسپی تھی۔
ایک صارف نے ریحام خان سے ان کی عمران خان کے ساتھ شادی کے حوالے سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ ‘اتنی ذہانت کے باوجود عمران خان کیسے آپ کو شادی کے لیے قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے؟’ جس پر انہوں نے لکھا کہ عمران کے شادی پر مسلسل اصرار کی وجہ سے میں نے بھی حامی بھر لی تاہم یہ ان کی زندگی کی بہت بڑی غلطی ثابت ہوئی۔ ایک اور صارف نے سوال کیا کہ عمران خان سے شادی کے برے تجربے کے بعد کیا اب دوبارہ شادی کا ارادہ ہے یا مردوں سے فل نفرت پروگرام چل رہا ہے۔ اس پر ریحام خان نے کہا کہ میں نے کبھی مردوں سے نفرت نہیں کی اور میں شادی پر یقین رکھتی ہوں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ریحام خان تیسری شادی کا رسک بھی لے سکتی ہیں۔
ایک اور صارف نے ان سے انکی کتاب میں بیان کئے گئے تجربات کے بارے میں سوال کرتے ہوئے کہا کہ انھیں کتاب لکھنے کا خیال کیسے آیا تو ریحام خان کا کہنا تھا کہ وہ عوام کو حقائق بتانا چاہتی تھیں کہ تبدیلی کے پیچھے اصل کیا کہانی کارفرما ہے اور وہ اپنے اس مشن میں کامیاب رہیں۔ اسی پر ایک اور سوشل میڈیا صارف نے سوال کیا کہ عمران خان کو لاڈلہ بنانے والے شرمندہ ہیں یا آج بھی اپنے کئے پر فخر محسوس کر رہے ہیں؟ اس پر ریحام نے کہا کہ عمران کو لانے والوں کوصرف شرمندہ نہیں بلکہ بہت زیادہ شرمندہ ہونا چاہیے۔ ایک صارف نے استفسار کیا کہ عمران خان کا بلیک بیری فون جس سے پوری تحریک انصاف خوفزدہ ہے وہ کس کے پاس ہے تو ریحام خان نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلیک بیری محفوظ ہاتھوں میں ہے اور بوقت ضرورت ہی اس میں موجود معلومات سامنے لائی جائیں گی۔ محمد وقاص نامی صارف نے پوچھا کہ ’ہم اس حکومت سے کیسے چھٹکارہ حاصل کر سکتے ہیں؟‘ جس پر ریحام خان نے جواب دیا کہ ’عوام کے ذریعے، جب وہ سڑکوں پر نکلیں گے۔ محمد فہیم نے بھی عمران خان سے متعلق سوال داغا جس میں انہوں نے ریحام خان سے عمران خان کے لیے کوئی ایک جملہ بولنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ریحام خان نے جواب میں لکھا کہ ‘انہیں اپنی شہرت دوسروں کی بہتری کے لیے استعمال کرنی چاہیے تھے۔’
جہانزیب بچہ نامی صارف نے موضوع کو بدلتے ہوئےان کی پسندیدہ فلم اور گانے کا پوچھا تو ریحام خان نے بتایا کہ ’یہ مشکل سوال ہے کیونکہ بہت سے گانے ہیں لیکن آج کل سانوں اک پل چین نہ آوے، رابطہ اور گیندا پھول پسند ہیں۔‘ اس کے ساتھ انہوں نے ہالی وڈ کی کچھ فلموں کے نام لکھے جو انہیں پسند ہیں۔
سمی ناصر نامی ٹوئٹر صارف نے سوال کیا کہ ‘پاکستان میں صحافی ہونا کتنا اچھا ہے؟’ اس سوال پر ریحام خان نے لکھا کہ ‘بہت خطرناک۔’
بھرت جاٹ نامی صارف نے ویرات کوہلی سے متعلق ریحام کی رائے جاننا چاہی تو انہوں نے لکھا کہ ‘میں ان کی فین ہوں خاص طور پر ان کی ڈریس سینس کی۔ پاک بھارت تعلقات بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ریحام خان نے کہا کہ دونوں ملکوں کی عوام امن چاہتے ہیں لیکن چند شرپسند عناصر محبت وآتشی کی فضا کو تہہ و بالا کرنے میں منفی کردار ادا کرتے رہتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں ریحام خان نے کہا کہ وہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہی ہیں اور جلد یورپی پارلیمنٹ کے عہدیداران سے ملاقات کر کے اس ایشو کو دنیا بھر میں اجاگر کریں گی۔’
