ریحام کے پاس موجود عمران کی بلیک بیری میں کیا چھپا ہے؟

کپتان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ ان کی مشہور زمانہ کتاب میں عمران خان کی جس بلیک بیری کا ذکر ہے، وہ اس وقت انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہے اور میں رہوں نہ رہوں، وہ موبائل فون محفوظ رہے گا۔انہوں نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر لوگ میری کتاب سے نہیں ”رجے” تو بلیک بیری میں موجود انفارمیشن کو بھی منظر عام پر لایا جا سکتا ہے۔
یہ چونکا دینے والی بات انہوں نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ خیال رہے کہ 2018ء کے انتخابات سے قبل بھی اس بلیک بیری کی بازگشت سنی گئی تھی۔ ریحام خان نے دعویٰ کیا تھا کہ میری کتاب میں جس بلیک بیری کا ذکر ہے، سب پی ٹی آئی والے اسی سے ڈرے ہوئے ہیں۔ریحام نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ انکے عمران خان سے اختلافات تب شروع ہوے جب انہوں نے ان کی بلیک بیری میں کچھ ایسا دیکھا جس نے انکی آنکھیں کھول کر رکھ دیں۔ ریحام نے اپنی کتاب میں عمران خان کی بلیک بیری کے علاوہ ان کے اہل خانہ اور عمران کے قریبی دوستوں بارے بھی کچھ ایسی باتیں لکھی ہیں جن کی وجہ سے اب عمران خان اور مراد سعید انکے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دے رہے ہیں۔
ریحام خان کی کتاب میں سب سے اہم بات عمران خان کا "بلیک بیری ‘ ہے۔ میڈیا پر یہ خبریں گردش کرتی رہی ہیں کہ ریحام خان جب طلاق سے قبل لاہور سے لندن گئی تھیں تو وہ عمران کی بلیک بیری ڈیوائس اپنے ساتھ گئی تھیں۔ کہا جا رہا ہے کہ عمران خان کے بلیک بیری میں بہت ساری ایسی چیزیں موجود ہیں جو ریحام خان منظر عام پر لے آئیں تو تحریک انصاف اور عمران کو کافی نقصان ہو جائے گا۔ کہا جاتا ہے کہ عمران خان کا بلیک بیری برطانیہ میں ایک انشورنس کمپنی کے پاس محفوظ ہے۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ بلیک بیری کے اندر جو بھی انفارمیشن ہے، پی ٹی آئی والوں کو اسی کا ڈر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل آڈیوز اور ویڈیو لیکس کا زمانہ ہے۔ اگر لوگ میری کتاب سے نہیں ”رجے” تو بلیک بیری میں موجود انفرمیشن کو بھی منظر عام بھی لایا جا سکتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ میری کتاب کی مشہوری بھی پی ٹی آئی کے کچھ اداکاروں اور گلوکاروں نے کی تھی، اب بھی ان لوگوں کی جانب سے ہی اس کی دوبارہ سے تشہیر کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کی سابق اہلیہ کا کہنا تھا کہ مجھ سے کہا جا رہا ہے کہ میں سیاست کر رہی ہوں تو لوگ اس وقت بھی ایسی ہی باتیں کرتے تھے جب میں بنی گالہ میں شامی کباب بنا رہی تھی اور باہر نہیں نکلی تھی۔
