زویا ناصر اور متھیرا کا ’اقربا پروری‘ پر سبیکا امام کو جواب

اداکارہ زویا ناصر اور متھیرا نے گلوکار اذان سمیع کو ’اقربا پروری‘ کے تحت ڈرامے میں کام کرنے کا موقع فراہم کرنے کے الزامات پر سبیکا امام کو جواب دیتے ہوئے گلوکار کی حمایت میں سامنے آگئیں۔

سبیکا امام نے 15 جولائی کو اپنی ٹوئٹ میں اذان سمیع خان کا نام لکھے بغیر لکھا تھا کہ سکرین پر آنے کے لیے اداکاری کے تجربے کی ضرورت نہیں ہوتی اور کوئی بھی شخص بہترین اداکاراؤں سجل علی اور یمنیٰ زیدی کے ساتھ بھی ڈیبیو کر سکتا ہے۔

اداکارہ و ماڈل نے مزید لکھا کہ انہیں بھی ایسی ہی اچھی قسمت چاہیے، جہاں انہیں اپنی پہنچان بنانے یا نام بنانے کے لیے کوئی محنت نہ کرنی پڑے۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ بھی چاہتی ہیں کہ انہیں اسی طرح ہر چیز پلیٹ میں تیار ملے۔

—اسکرین شاٹ
اگرچہ سبیکا امام نے اذان سمیع خان کا نام نہیں لکھا تھا، تاہم ان کا اشارہ ان کے ڈیبیو ڈرامے ’عشق لا‘ کی جانب تھا، جس میں وہ سجل علی اور یمنیٰ زیدی کے ہمراہ دکھائی دیں گے۔

اذان سمیع خان کو اقربا پروری کے تحت ڈرامے میں چانس دیے جانے کی ٹوئٹ کرنے کے بعد جہاں دیگر لوگوں نے سبیکا امام سے اختلاف کیا تھا، وہیں اداکارہ زویا ناصر اور متھیرا نے بھی ان سے اختلاف کیا۔

اداکارہ متھیرا اور زویا ناصر نے گلیکسی لولی وڈ کے انسٹاگرام پر سبیکا امام کی پوسٹ پر انہیں جواب دیتے ہوئے اذان سمیع خان کی حمایت کی۔

اداکارہ متھیرا نے لکھا کہ ایسا دعویٰ کرنے سے قبل کچھ حقائق کو دیکھ لیتے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ اذان سمیع خان نے مذکورہ ڈرامے میں کردار ادا کرنے کے لیے آڈیشن دیا ہے اور ہو سکتا ہے وہ مذکورہ کردار کے لیے مناسب ہوں۔

ساتھ ہی متھیرا نے لکھا کہ عام طور پر ہم یہ نہیں دیکھتے کہ کردار حاصل کرنے کے لیے اداکار نے کتنی محنت کی ہے یا وہ کس قدر محنت کر رہا ہوتا ہے، ہم صرف اس کے کامیاب ہوجانے کے معاملے پر بات کر رہے ہوتے ہیں۔

Back to top button