سائرہ اور شہروز کی محبت اور جدائی کی فلمی کہانی

محبت کی شادی کرنے اور ایک بچی کے ماں باپ بننے کے بعد جدا ہو جانے والے شوبز جوڑے سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی آنے والی رومانٹک مصالحہ فلم ’بے بی لیشئیس‘ (Babylicious) کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس فلم کی کہانی ان دونوں کی حقیقی زندگی سے کافی ملتی جلتی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ فلم میں بھی ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہونے کے بعد لڑکے اور لڑکی کے اختلافات ہو جاتے ہیں اور پھر ان میں جدائی پڑ جاتی ہے۔ یاد رہے کہ دونوں نے 2012 میں محبت کی شادی کی تھی اور انکی جوڑی کو شوبز کی خوبصورت ترین رومانوی جوڑیوں میں شمار کیا جاتا تھا، مگر 2020 میں ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔ طلاق کے بعد اب پہلی بار دونوں ’بے بی لیشئیس‘ نامی فلم میں ایک ساتھ رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔

 

فلم کے مختصر ٹریلر میں دونوں کو ایک دوسرے سے محبت کرتے اور ایک دوسرے سے الگ نہ ہونے کی قسمیں کھاتے دکھایا گیا ہے۔ ٹریلر میں دونوں کے درمیان کسی تیسرے فرد کے آنے کی وجہ سے اختلافات کو بھی دکھایا گیا ہے۔ فلم میں دیگر اداکاروں کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے، جن میں اداکار مانی سرفہرست ہے۔ ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو مصالحہ اور ایکشن بھی دیکھنے کو ملے گا، تاہم زیادہ تر رومانس دکھایا جائے گا۔ ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے فلم کو آئندہ ماہ 10 فروی کو ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

 

یاد رہے کہ سائرہ یوسف سے طلاق حاصل کرنے کے چند ہفتوں بعد شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے شادی کرلی تھی۔ انہیں رواں سال ایک بیٹی بھی ہوئی تھی۔ لیکن سائرہ نے تاحال دوسری شادی نہیں کی حالانکہ وہ مستقبل میں رشتہ ازدواج میں بندھنے کا اشارہ دے چکی ہیں۔ طلاق کے بعد اگرچہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری الگ الگ ڈراموں اور فلموں میں کام کرتے دکھائی دیتے رہے ہیں لیکن اب دونوں ایکساتھ ایک رومانوی فلم میں دکھائی دیں گے۔ سائرہ یوسف اور شہروز نے اپنی آنے والی فلم کی پہلی جھلک انسٹا گرام پر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی فلم فروری 2023 میں ریلیز کی جائے گی۔ سائرہ یوسف نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہیں اس فلم پر کام کرتے ہوئے ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ لگا اور اب وہ خوش ہیں کہ ان کی فلم جلد ریلیز ہوگی۔ اداکارہ نے لکھا کہ وہ بہت خوش ہیں اور انہیں امید ہے کہ مداح ان کی آنے والی فلم کو ضرور دیکھیں گے۔ انہوں نے سابق شوہر شہروز سبزواری کو مینشن کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دوسری جانب شہروز نے بھی فلم کی پہلی جھلک کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ویلنٹائنز ڈے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ ان کی رومانوی فلم کو ریلیز کیا جا سکے۔ انہوں نے بھی سائرہ کو مینشن کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ فلم کی پہلی جھلک میں سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کو رومانوی انداز میں ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس فلم کی ہدایات عمر عیسیٰ خان نے دی ہیں اور اس کی کہانی شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے۔ اس فلم کو سائرہ نے ہی پروڈیوس کیا ہے، جنہوں نے کوکونٹ نامی پروڈکشن کمپنی بنا رکھی ہے۔ یاد رہے کہ سائرہ یوسف اور شہروز نے اس فلم کی شوٹنگ پر طلاق سے کئی سال قبل کام شروع کر دیا تھا مگر فلم مسلسل تاخیر کا شکار رہی۔ جب ان دونوں کی طلاق ہوئی تب تک اس فلم کی 95 فیصد شوٹنگ مکمل کرلی گئی تھی۔

 

Back to top button