باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کچھ کیا،عدالت بلاؤں گا

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کچھ کیا، جنرل ریٹائرڈ باجوہ کو عدالت بلاؤں گا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا سائفر کیس میں جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور امریکی سفارت خانے کے آفیشلز کو گواہ بناؤں گا۔مجھ سے کسی نے مذاکرات نہیں کیے، لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی۔مجھے جس طرح پکڑا گیا، سب ایک پلان تھا، نواز شریف لندن پلان کے بعد پاکستان آئے، جیل میں کسی مشکل میں نہیں، جیل میں رہنا عبادت سمجھتا ہوں۔

 عمران خان کاکہنا تھاکہ  جو بشری بی بی کیساتھ کیا دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی، جو انہوں نے بشریٰ بی بی کے سابقہ خاوند کے ذریعے کرایا اور جھوٹا الزام لگایا ہے ، یہ انتہائی اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں، میں قسم اٹھانے اور قرآن پر ہاتھ رکھنے کیلئے تیار ہوں بشری کو اس دن دیکھا جس دن میرا نکاح ہوا۔

 سابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاکہنا تھاکہ قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کیلئے تیار ہے، میں آج آپ کو واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی، مجیب الرحمٰن کیخلاف انہوں نے کیا کیا مگر اس نے 162 سیٹیں جیتیں تھیں،

سابق  چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ 6.17 کی گروتھ کو صفر پر لے آئے ہیں، حالات دیکھ کر خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں، لوگ کیا پاگل ہیں انہیں نہیں پتہ کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑے جانے سے متعلق سوال پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا چند سیاسی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے پر شکر ادا کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 12 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔

Back to top button