سابق کمشنر راولپنڈی نے پریس کانفرنس کس کے کہنے پر کی؟

ملک کے سیاسی اور انتخابی منظر کو اپنے دعوئوں پر مبنی انکشافات سے سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنیوالے راولپنڈی کے سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ اسوقت کہاں ہیں ،کس کی حفاظتی تحویل اور نگرانی میں ہیں اس بارے میں کسی قسم کی کوئی معلومات ہیں نہ ہی کوئی انتظامی افسر سوال کا جواب دینے پر تیار ہے۔

سابق کمشنر راولپنڈی کی پریس کانفرنس میں کئے جانیوالے دعوؤں کے حقائق کی تحقیقات کرنیوالی کمیٹی نے پیر سے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے ، دوسری طرف سابق کمشنر کے حوالے سے جہاں نت نئے انکشافات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے وہیں انکی پریس کانفرنس کے حوالے سے کچھ قابل توجہ باتیں بھی سامنے آئی ہیں کیونکہ راولپنڈی اسلام آباد میں موجود میڈیا کے کسی سینئر نمائندے کو پریس کانفرنس میں مدعو نہیں کیا گیا حالانکہ سابق کمشنر کے میڈیا میں قابل ذکر نمائندوں جن میں ٹی وی چینل کے اینکرز اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد شامل ہے جن سے تعلقات کااعتراف فریقین کی جانب سے کیا جاتا رہا ہے۔

کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کی پریس کانفرنس جو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے ایک ہال میں ہوئی، کے دعوت نامے محکمہ اطلاعات راولپنڈی آفس سے جاری کئے گئے تھے جن میں سپورٹس رپورٹر کو مدعو کرتے ہوئے اطلاع دی گئی تھی کہ کمشنر راولپنڈی آر پی او کے ہمراہ پی ایس ایل کے میچوں کے انتظامات کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرینگےسپورٹس رپورٹرز جب کیمروں کے ہمراہ پہنچے تو خلاف معمول ایسے مواقع پر مقامی انتظامیہ کے جو افسران کمشنر کے ہمراہ موجود ہوتے ہیں ان میں سے کسی کا کچھ پتہ نہیں تھا، سابق کمشنر جہاں پریس کانفرنس کر رہے تھے انکے عقب میں سپورٹس کی مقامی انتظامیہ نے پی ایس ایل کا بیک ڈراپ آویزاں کیا تھا جو عین موقع پر غائب کر دیا گیا سابق کمشنر نے آغاز اس جملے سے کیا کہ سپورٹس کے حوالے سے پی ایس ایل کا کردار بڑا اہم ہے لیکن اس سے پہلے میں آپکو بڑی خبر دونگا۔ اس کیساتھ ہی سابق کمشنر اصل موضوع کی طرف آ گئے اور انہوں نے واقعی بڑی خبردیدی جس نے سیاسی اور انتخابی منظر میں ایسا بھونچال میں پیدا کیا جس کے جھٹکے اور اثرات پاکستان کی جمہوریت میں تادیر یاد رکھے جائیں گے۔

حقیقت یہ ہے کہ پریس کانفرنس سے 48گھنٹے قبل کی اگر سابق کمشنر کی مصروفیات،نقل و حرکت ملاقاتوں اور رابطوں کی تحقیقات ہونگی تو دیگر معلومات کے علاوہ ان میں وفاقی دارالحکومت کے ایک بڑے مال کے پرتعش اپارٹمنٹ میں انکی ملاقات کا کوئی حوالہ بھی لازمی شامل ہوگا جس کا سرسری ذکر ان پر لگائے جانیوالے الزامات کی فہرست میں ہو چکا ہے اس حوالے سے آنیوالی اطلاعات کے مطابق پولیس نے علی پور چٹھہ میں لیاقت علی چٹھہ کے پرسنل سیکرٹری اشفاق تارڑ کی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا جو ایک سرکاری محکمے میں ملازم ہے لیکن سابق کمشنر کے پرسنل سیکرٹری کے طور پر کام کرتا تھا ذرائع کے مطابق اشفاق تارڑ کے گھر سے کچھ ایسی دستاویزات بھی قبضے میں لی گئی ہیں جو سابق کمشنر کیخلاف عائد الزامات میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

Back to top button