سانحہ گل پلازہ کے بعد پنجاب حکومت کاکمرشل عمارتوں کے لیے نیا ہدایت نامہ

کراچی میں پیش آنے والے سانحہ گل پلازہ کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی کمرشل عمارتوں کے لیے ہدایات نامہ جاری کر دیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ آن لائن اجلاس کیا، جس میں کمرشل عمارتوں میں آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب کو لازمی قرار دیا گیا اور لوکل گورنمنٹس کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ تین منزلہ اور اس سے بلند عمارتوں میں ہنگامی حالات میں انخلا کے لیے اسٹیل کی سیڑھیاں لازمی نصب کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی اخراج کے لیے سیڑھیاں دوسرے فلور سے مضبوطی کے ساتھ جڑی ہوں، جبکہ اسٹیل سیڑھیوں کی تنصیب کے لیے کسی این او سی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق عمارت کے ہر فلور پر فائر ایکسٹنگوئشر کا نصب ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے اور کمرشل عمارتوں کے مالکان یا انتظامیہ کو 15 دن کے اندر ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے عملدرآمد کے لیے عمارتوں کے مالکان کے لیے چیک لسٹ جاری کر دی ہے۔
ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے راولپنڈی میں ہائی رائز عمارتوں کے فائر سیفٹی آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے عمارتوں کے مالکان کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
کنزہ مرتضیٰ کے مطابق ہائی رائز عمارتوں کے مالکان کو فائر سیفٹی چیک لسٹ ارسال کر دی گئی ہے، جبکہ ہنگامی صورتحال میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے انسپیکشن فارم بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں آگ سے بچاؤ کے آلات، برقی نظام اور ہنگامی راستوں کی جانچ شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے عمارت مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
