سبزی خور افراد میں ڈپریشن کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے

برازیل میں ہونے والی ایک تحقیق کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گوشت خوروں کے مقابلے میں سبزی کھانے والے افراد میں ڈپریشن کا خطرہ دو گنا زیادہ ہوتا ہے۔

جرنل آف ایفکٹیو ڈس آرڈر میں شائع ہونیوالی والی ایک تحقیق میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ویجیٹرین افراد کوگوشت خوروں سے زیادہ ڈپریشن کے خطرات لاحق ہوتے ہیں اور وہ تیزی سے ڈپریشن کا شکار ہوسکتے ہیں۔

اس تحقیق میں برازیل سے تعلق رکھنے والے 35 سے 74 سال کی عمر کے 14 ہزار سے زائد افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔ ان افراد سے کئی قسم کے سوالات کئے گئے جس میں ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا انہیں گوشت کے مقابلے میں سبزیاں زیادہ پسند ہیں؟

تحقیق کے مطابق اس کے بعد کلینیکل انٹرویو شیڈول ری وائزڈ (سی آئی ایس آر) نامی ٹول کو استعمال کرکے لوگوں میں ڈپریشن کا تعین کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ جو افراد سبزی کھانا زیادہ پسند کرتے ہیں ان میں گوشت خوروں کے مقابلے ڈپریشن کا امکان دو گنا زیادہ ہے۔

ماہرین صحت اس کی کوئی مستند وجہ تو دریافت نہیں کر سکے تاہم ان کا کہنا ہے کہ گوشت میں پروٹین، آئرن، وٹامن بی اور زنک جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو دماغی افعال کے لیے اہم ہوتے ہیں اور ممکنہ طور پر ڈپریشن سے تحفظ فراہم کرتے ہیں گوشت کا استعمال کم یا نہ کرنے کی وجہ سے اجزا کی جسم میں کمی ڈپریشن کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا جب کسی فرد کو مختلف غذائی اجزا کی کمی کا سامنا ہو تو اس سے مزاج پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ انزائٹی اور تناؤ کا خطرہ بڑھتا ہے، اگر غذائی اجزا کی کمی ڈپریشن کا باعث بنتی ہے تو اس ضمن میں تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

Back to top button