سرسوں کے تیل سے بلڈ پریشر پر قابو پائیے

پاکستان اور بھارت میں ہر گھر میں عام استعمال ہونے والا سرسوں کا تیل اپنے اندر ان گنت طبی فوائد سموئے ہوئے ہے، سرسوں کا تیل نہ صرف انسان کو انفیکشن سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ دوران خون کو بہتر کرنے، بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے، کولیسٹرول لیول کو متوازن رکھنے، جلد کی حفاظت کرنے اور بالوں کو چمکدار اور مضبوط بنانے میں بھی مجرب مانا گیا ہے۔
موسم بہار میں سرسوں کے زرد رنگ کے پھول نکلتے ہیں۔ ان پھولوں کے اندر بیج بنتے ہیں جن میں سے تیل نکالا جاتا ہے جوسرسوں کا تیل کہلاتا ہے۔ سرسوں کا تیل کھانے پکانے کے عالوہ مختلف قسم کی ادویات میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ سرسوں کے تیل میں کولیسٹرول کی سطح کم ہونے کی وجہ سے دل کی بیماریوں میں بھی فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ یہ تیل کھانا پکانے، سر کی مالش سمیت مختلف جادوئی اثرات رکھتا ہے۔ امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ایک تحقیق کے مطابق کھانوں میں سرسوں کے تیل کو شامل کرنا دل کی صحت کےلیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، اس میں موجود مونوسچورٹیڈ فیٹی ایسڈز جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کم کرتے ہیں جب کہ خون میں چربی کی سطح مستحکم رکھ کر اس کی گردش میں مدد دیتے ہیں۔
سرسوں بیکٹریا کش، فنگل کش اور وائرس کو دور رکھنے کی خصوصیات رکھتا ہے، اس کا جسم کے بیرونی سطح پر استعمال یا کھانے میں ڈال کر استعمال کرنا موسمی انفیکشن سمیت نظام ہاضمہ کے انفیکشن کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔
سرسوں کے تیل کی جسم پر مالش کرنے سے دوران خون، جلد کی ساخت بہتر ہوتی ہے جب کہ مسلز پر دباﺅ میں کمی آتی ہے۔ یہ پسینے کے غدود کو حرکت میں لاکر جسم سے زہریلے مواد کو خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔
سرسوں وٹامن ای سے بھرپور ہوتا ہے جو جلد کےلیے بہترین مانا جاتا ہے، اسے جلد پر لگانے سے فائن لائنز اور جھریوں میں کمی آتی ہے اور یہ سن اسکرین کی طرح کام کرتا ہے۔ تاہم بہت زیادہ تیل جسم پر لگانا نقصان دہ اور خارش کا باعث بن سکتا ہے، جب کہ آئلی اور حساس جلد والے افراد کو اس کی مالش سے گریز کرنا چاہئے۔ ناریل کے تیل اور سرسوں کے تیل کی یکساں مقدار کو ملاکر مالش کرنا جلد کی رنگت کو بھی بہتر بناتا ہے۔
یہ تیل صحت افزاء ہونے کے ساتھ ساتھ حُسن افزاء بھی ہے ۔پرانے وقتوں سے ہی خواتین اپنی جِلد اور بالوں کی خوب صورتی اور صحت کےلیے اسے استعمال کرتی آرہی ہیں۔ یہ تیل جِلد اور بالوں کی خوب صورتی و رعنائی میں اضافہ کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سرسوں کا تیل جِلد کی خوب صورت اور حفاظت کےلیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ یہ سورج کی تمازت سے جھلس جانے والی جِلد کی بحالی میں مدد کرتا اور جِلد پر موجود داغ دھبوں کو صاف کرکے اسے قدرتی نکھار بخشتا ہے۔ سرسوں کے تیل میں وٹامن ای کی خصوصیات بہت وافر مقدار میں ہوتی ہیں۔
جِلد کی اوپری سطح پر سرسوں کا تیل لگانے سے آپ کی جِلد سورج کی بنفشی شعاعوں کے اثرات سے محفوظ رہتی ہے۔ سرسوں کے تیل کا جسم پر مساج جِلد کو تروتازہ، جوان وصاف ستھرا کردیتا ہے اور خون کے دورانیے کو تیز کرنے میں معاونت کرتا ہے۔ اس میں موجود بیٹا کیروٹین بالوں کے گرنے کی رفتار کی نشوونما کی رفتار تیز کردیتا ہے، اس کی مالش سے سر کے اندر دوران خون بہتر ہوتا ہے جب کہ بیکریا کش خصوصیات سر کو انفیکشن سے بچاتا ہے۔ اسی طرح سرسوں کے بیج کو پیس کر پیسٹ بناکر سرسوں کے تیل میں ملا کر سر پر رات بھر لگا رہنے دیں تو اس سے بالوں کے گرنے کے مسئلے کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
سرسوں کے تیل کی باقاعدگی سے سر میں مالش کرنے سے قبل از وقت سفید ہونے والے بالوں کے مسئلے سے بھی نجات پائی جاسکتی ہے اور بال قدرتی طور پر سیاہ و چمک دار ہو سکتے ہیں۔ ہر دوسرے دن سونے سے پہلے سرسوں کے تیل سے سر کی مالش کرنے سے بال سیاہ ہونے کے ساتھ ساتھ مضبوط بھی ہو جائیں گے۔

سرسوں کا تیل دانتوں کو چمکدار بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ اس کےلیے چٹکی بھر آیوڈین سے پاک نمک لیں اور کچھ مقدار میں سرسوں کے تیل میں شامل کردیں، اگر چاہیں تو چٹکی بھر ہلدی کا بھی اضافہ کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد مکسچر کو لیں اور شہادت کی انگلی سے اس سے دانتوں پر دو منٹ تک رگڑیں۔ اس کے بعد چند منٹ کےلیے منہ بند کرکے رکھیں اور پھر نیم گرمی پانی سے کلیاں کرلیں اور اس مکسچر کا استعمال معمول بنانے سے چند دنوں میں آپ نمایاں فرق دیکھ سکیں گے۔
ایڑیاں پھٹنے کا مسئلہ مون سون اور سردیوں میں کافی عام ہوجاتا ہے اور اس سے نجات کےلیے موم اور سرسوں کے تیل کی یکساں مقدار کو مکس کرکے گرم کریں، جس سے وہ گاڑھا ہوجائے گا۔ ایڑیوں کے متاثرہ حصے پر اس مکسچر کو لگائیں اور کاٹن کی جرابیں پہن کر سوجائیں۔ اسی طرح سرسوں کا تیل ناخن پر لگانا اس کی سطح پر جذب ہوکر انہیں غذائیت فراہم کرکے مضبوط کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button