سشانت سنگھ خودکشی: مہیش بھٹ کے اہم انکشافات

بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش جاری ہے اور فلم ساز مہیش بھٹ نے بھی اسی سلسلے میں 28 جولائی کو پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔
سشانت سنگھ راجپوت نے گزشتہ ماہ 14 جون کو ڈپریشن کے باعث اپنی رہائش گاہ پر دوستوں کی موجودگی میں دن کو اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ شک کیا گیا تھا کہ شاید انہی کسی نے قتل کیا ہو، لیکن بعد ازاں پوسٹ مارٹم رپورٹس میں بھی ان کی خودکشی کی تصدیق ہوئی تھی۔ تاہم اس باوجود ممئی پولیس نے ان کی خودکشی کی وجوہات جاننے کےلیے تفتیش شروع کردی تھی، جس کے تحت اب تک 3 درجن سے زائد شخصیات کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں اور اب معروف فلم ساز مہیش بھٹ نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔ مہیش بھٹ بیان ریکارڈ کروانے کےلیے صبح ساڑھے 11 بجے اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ تھانے پہنچی اور سہ پہر تک بیان ریکارڈ کروایا۔ مہیش بھٹ نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت سے صرف 2 بار ہی ملاقات کی تھی، جس میں سے پہلی ملاقات 2018 اور دوسری و آخری ملاقات فروری 2020 میں ہوئی تھی۔ مہیش بھٹ کے مطابق فروری 2020 میں وہ سشانت سنگھ راجپوت کے فلیٹ پر گئے تھے، کیوں کہ اداکار کی طبیعت خراب تھی اور اس دوران ان کے درمیان مہیش بھٹ کی آنے والی کتاب اور ایک یوٹیوب چینل کھولنے سے متعلق باتیں ہوئیں۔ فلم ساز کے مطابق ان کے اور سشانت سنگھ راجپوت کے درمیان کسی طرح کی کوئی فلمی بات نہیں ہوئی۔
مہیش بھٹ نے پولیس کے سامنے انکشاف کیا کہ سشانت سنگھ راجپوت ان کی آنے والی فلم سڑک 2 میں کردار ادا کرنا چاہتے تھے، تاہم انہوں نے اس متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا کہ سشانت سنگھ کو کاسٹ کیا جائے یا نہیں؟۔ فلم ساز کے مطابق انہوں نے سڑک 2 کے مرکزی کردار کےلیے سشانت سنگھ راجپوت کو کاسٹ نہیں کیا تھا، کیوں کہ مذکورہ فلم پہلی فلم کے ہیرو سنجے دت کے ساتھ ہی بنائی جانی تھی۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا میں مہیش بھٹ کے حوالے سے اس وقت مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوئی تھیں جب ان کی سشانت سنگھ راجپوت کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی کے ساتھ خوشگوار موڈ میں کھینچی گئی تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔
ریا چکربورتی اور مہیش بھٹ کی پرانی تصاویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر فلم ساز پر الزامات کی بارش کردی گئی، تاہم پولیس کے سامنے انہوں نے ریا چکربورتی کے ساتھ تصاویر پر کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی پولیس نے ان سے اس حوالے سے کوئی سوال کیا۔
بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں ہیں کہ سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا سبب جاننے کے لیے جاری پولیس تفتیش کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، کیوں کہ اب تک پولیس کو کوئی خاص شواہد نہیں ملے جن سے پتا لگایا جا سکے کہ اداکار کو سازش کے تحت خودکشی کرنے پر مجبور کیا گیا ہو۔
