سعد رضوی کی نظر بندی میں‌ توسیع کی درخواست واپس

پنجاب حکومت نے کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی نظر بندی میں‌ توسیع کی درخواست واپس لے لی۔عدالت عظمیٰ کے جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں 3 رکنی بورڈ نے ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سعد رضوی سمیت نظر بند ملزمان کے معاملے پر سماعت کی۔

کیس کی ورچوئل سماعت کے دوران نظرِ ثانی بورڈ نے استفسار کیا کہ جب ہائی کورٹ نے نظر بندی کالعدم قرار دے دی ہے تو پھر کس وجہ سے نظر بندی میں توسیع مانگی جا رہی ہے؟ تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے کالعدم تنظیم کے سربراہ کی نظر بندی میں توسیع کے حوالے سے درخواست واپس لے لی گئی۔وفاقی نظر ثانی بورڈ کے مطابق اگر سعد رضوی کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی کو کالعدم قرار دیا تھا۔عدالت نے سعد رضوی کے چچا امیر حسین کی درخواست پر فیصلہ سنایا تھا جبکہ پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کے وکلا نے درخواست کی مخالفت کی تھی۔

Back to top button