سعودیہ میں پہلی خواتین فٹ بال لیگ متعارف

سعودی عرب نےحیران کن اقدام اٹھاتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کے زیر انتظام سعودی اسپورٹس فار آل فیڈریشن کے مطابق 17 میچز پر مشتمل لیگ کا پہلا سیزن جدہ، ریاض اور دمام میں کھیلا جائے گا۔ فیڈریشن کے مطابق لیگ کے انعقاد سے خواتین کی جانب سے کھیل کے میدان میں دلچسپی بڑھے گی اور خواتین بھی اپنی صلاحیت بھی منوا سکیں گی۔
سعودی حکومت نے گزشتہ چند سال میں خواتین کو نہ صرف مرد حضرات کے کھیل دیکھنے کی اجازت دی ہے بلکہ حکومت نے خواتین کو خاندان کے مرد سربراہ کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے جنوری 2018 میں خواتین کو صرف فٹ بال اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دی تھی۔
اسی طرح سعودی حکومت نے خواتین کو کسی بھی غیر محرم مرد کے ساتھ ملازمت کرنے کی اجازت دینے سمیت خواتین کو اداکاری، ڈرائیونگ کرنے، ووٹ دینے، انہیں کوئی بھی کھیل کھیلنے سمیت کئی طرح کی آزادیاں دی ہیں۔
سعودی عرب نے سینما سے بھی 35 سال بعد پابندی ہٹاتے ہوئے وہاں پر فلموں کی نمائش کی اجازت دی ہے جب کہ سعودی عرب نے پہلی مرتبہ غیر ملکیوں کےلیے سیاحت کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
ساتھ ہی سعودی حکومت نے وہاں پر نامحرم مرد و خاتون کو ایک ساتھ ہوٹل کا کمرا کرائے پر لینے کی اجازت کا بھی اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ تیل کی دولت سے مالا مال سعودی عرب کے 32 سالہ ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنا منصب سنبھالنے کے فوری بعد قدامت پسندی کی شکار سلطنت میں معاشی، سماجی اور مذہبی اصلاحات کے لیے اقدامات شروع کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button