سعودی عرب میں تمام بین الاقوامی پروازیں ایک ہفتے کے لیے معطل

سعودی عرب نے کورونا وائرس کی نئی لہر کے ردِ عمل میں تمام بین الاقوامی مسافر پروازوں کو ایک ہفتے کے لیے معطل کردیا۔
مملکت میں زمینی اور سمندری راستوں سے داخلہ بھی اس عرصے کے دوران معطل رہے گا جسے مزید ایک ہفتے تک توسیع دی جاسکتی ہے۔سعودی عرب کی جانب سے پروازوں کی معطلی کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے بھی اسلام آباد، کراچی، لاہور اور ملتان سے سعودی عرب کے لیے اپنی متعدد پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے اس سلسلے میں بتایا کہ جب تک پروازوں کے اجازت نامے دوبارہ حاصل نہیں ہوتے پروازیں منسوخ رہیں گی اور تمام متاثرہ مسافروں کو پروازیں بحال ہوتے ہی پروازوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے تمام مسافروں سے اپیل کی کہ اپنے درست فون نمبرز پر کال سینٹر کے ذریعہ اندراج کروائیں تاکہ ان کو بروقت معلومات مہیا کی جاسکیں اور کسی بھی رہنمائی یا معلومات کے لیے پی آئی اے کے کال سینٹر 111 786 786 پر کسی بھی وقت رابطہ کریں۔سعودی خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق کچھ پروازوں کو غیر معمولی صورتحال میں آنے کی اجازت ہوگی اور جو غیر ملکی پروازیں پہلے سے ہی مملکت میں موجود ہیں انہیں واپسی کی اجازت ہوگی۔سعودی عرب نے مذکورہ فیصلے برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں وائرس کی نئی طاقتور لہر کے ردِ عمل میں کیے گئے۔نئے فیصلوں کے تحت جو فرد بھی کسی یورپی ملک سے 8 دسمبر کے بعد سعودی عرب پہنچا اسے آمد کی تاریخ سے 2 ہفتوں تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔اس کے علاوہ سیلف آئیسولیشن کے عرصے کے دوران ان کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا جو ہر 5 روز بعد دوبارہ ہوگا۔علاوہ ازیں جو کوئی بھی گزشتہ 3 ماہ کے عرصے میں کسی زیادہ خطرے والے یا یورپی سے گزر کر سعودی عرب پہنچا اسے بھی لازماً ٹیسٹ کروانا ہوگا۔تاہم جن ممالک میں تبدیل شدہ وائرس دوبارہ سامنے نہیں آیا وہاں سے اشیا، اناج کی نقل و حرکت اور فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مذکورہ پابندیوں پر کورونا وائرس کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button