سفاری پارک لاہور میں شیروں کے حملے سے نوجوان جاں بحق

رائیونڈ روڈ لاہور کے سفاری پارک میں ایک نوجوان پر شیروں نے حملہ کرکے اسے جاں بحق کردیا۔18 سالہ بلال چارہ کاٹنے کےلیے جنگلا پھلانگ کر سفاری پارک میں داخل ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے سفاری پارک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر نوجوان شیروں کے حملے کے نتیجے میں دم توڑ گیا۔نوجوان کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی جو قریبی گاؤں کا رہائشی ہے۔
بلال بھینسوں کےلیے چارہ کاٹنے کی غرض سے جنگلا پھلانگ کر سفاری پارک میں داخل ہوا تھا جس کے بعد وہاں موجود شیروں نے اس پر حملہ کر دیا۔
پولیس نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیروں نے حملہ کر کے نوجوان کوجاں بحق کردیا ہے۔ سفاری پارک کی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان دو روز قبل لاپتہ ہوا تھا جس کی تلاش کی جا رہی تھی تاہم آج جب شیروں کو کھانا دیا جا رہا تھا تو وہاں سے نوجوان کی باقیات ملیں۔
