سلامتی کونسل کی کراچی دھماکے کی تحقیقات میں تعاون کی اپیل

سلامتی کونسل نے کراچی کی یونیورسٹی میں ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات کے کے حوالے سے تمام ممالک سے پاکستان اور چین کے ساتھ تعاون کی درخواست کر دی۔
سلامتی کونسل کی موجودہ صدر باربرا ووڈورڈ نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان نے دہشت گردی کی مذمت کی اور مجرموں، دہشت گردانہ کارروائی میں مالی معاونت کرنے والوں کو جوابدہ ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سلامتی کونسل نے تمام رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اس سلسلے میں پاکستان اور چین کی حکومتوں کے ساتھ دیگر تمام متعلقہ حکام سے تعاون کریں۔
باربرا ووڈورڈ نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اراکین نے اس بات کی تصدیق کی کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔
