سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ فائنل، جاپان نے پاکستان کو شکست دیدی

جاپان نے پاکستان کو شکست دے کر سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں اب تک ناقابل شکست پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا۔ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر رہا، جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے جاپان نے پاکستان کو 4-1 سے شکست دے دی۔

13سال بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کےلیے میچ کا آغاز اچھا نہ تھا اور جاپان نے پہلا گول اسکور کرکے برتری حاصل کی۔ تاہم اس کے بعد قومی ٹیم نے میچ میں شاندار انداز میں واپسی کی اور اعجاز احمد کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کردیا۔ تیسرے کوارٹر میں قومی ٹیم نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے جاپان کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور اس کا صلہ قومی ہاکی ٹیم کو اس وقت ملا جب عبدالرحمٰن نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر پاکستان کو میچ میں ایک گول کی برتری دلا دی۔ اس سے قبل کہ قومی ٹیم میچ میں فتح حاصل کرتی، میچ کے چوتھے کوارٹر میں جاپان نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا تھا۔

واضح رہے کہ پینالٹی شوٹ آؤٹ میں 8 سیکنڈ کے اندر گول کرنا ہوتا ہے۔ پاکستان نے 5 میں سے 2 پینالٹی شوٹ آؤٹ ضائع کیے۔ خیال رہے کہ  پاکستان نے 2011 میں آخری بار اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا تھا۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ آخری بار 2003 میں جیتا تھا۔ فائنل سے قبل پاکستان ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہی تھی، پاکستان نے 3 میچ جیتے اور دو میچز ڈرا ہوئے۔

Back to top button