سلمان خان قرنطینہ میں کتنی بالی وڈ حسیناؤں کے ساتھ ہیں

مشہور بالی ووڈ فنکار سلمان خان کے بارے میں ان کے گھر والوں اور پرستاروں کو معلوم تھا کہ وہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں ممبئی سے باہر اپنے فارم ہاؤس میں بڑے بھائی ارباز خان کے بیٹے اور اپنے بھتیجے کے ساتھ قرنطینہ میں وقت گزار رہے ہیں۔ لیکن اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ سلو بھائی اتنے بھی سادہ نہیں ہیں۔ وہ کترینہ کے بغیر تو قرنطینہ میں چلے گئے لیکن کم ازکم تین خوبصورت بالی وڈ اداکارائیں بھی ان کے فارم ہاؤس پر ان کی تنہائی دور کرنے کےلیے موجود ہیں۔
یاد رہے کہ انڈیا میں لاک ڈاؤن لگنے کے بعد سلمان خان بمبئی شہر کے شور شرابے سے دور اپنے فارم ہاؤس پر منتقل ہو گئے تھے، جہاں سے وہ مختلف ویڈیوز بھی شیئر کرتے رہے ہیں۔ لاک ڈاؤن کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ لوگ اپنے گھروں تک محدود رہیں اور غیر ضروری طور پر لوگوں کو نہ ملیں۔ لیکن سلو بھائی نے قرنطینہ میں جانے کا مقصد ہی فوت کر دیا۔ ان کے بارے میں تو اب یہ پتہ چلا ہے کہ وہ ایک نہیں بلکہ کم از کم تین بالی وڈ اداکاراؤں کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔
سلمان خان کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے تو معلوم ہوتا ہے کہ جیسے سلمان خان صرف اپنے بھتیجے نروان خان کے ساتھ قرنطینہ ہوئے ہیں اور صرف ان مشاغل پر دھیان دے رہے ہیں جن کےلیے وہ اپنی مصروف زندگی میں وقت نہیں نکال سکتے تھے۔ شروع میں سلمان خان نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ کسی خاتون کے چہرے کا اسکیچ بنا رہے ہیں، اس کے بعد ان کی گھڑ سواری کی بھی ویڈیوز سامنے آئیں۔ ان ویڈیوز میں سلمان خان نے بالکل بھی یہ ظاہر نہیں ہونے دیا کہ وہ اپنے بھتیجے کے علاوہ کسی حسینہ کی کمپنی بھی انجوائے کر رہے ہیں۔
حال ہی میں جب بالی وڈ اداکاراؤں والوسچا ڈی سوزا اور جیکلین فرنینڈس کے علاوہ رومانیہ کی ایک خاتون سنگر لولیا وینٹر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر لاک ڈاؤن کے دوران مصروفیات کی تصاویر شیئر کیں تو صارفین نے کمنٹس میں لکھا کہ ‘کہیں یہ سلمان خان کا فارم تو نہیں۔’
انڈین ماڈل اور بالی وڈ اداکارہ والوسچا ڈی سوزا نے فارم ہاؤس میں ایک اصطبل کے سامنے کھڑے ہو کر کھچوائی گئی تصویر شیئر کی تو صارفین نے گمان کیا کہ شاید یہ سلمان خان کا ہی فارم ہاؤس ہے۔
اس سے قبل بھی والوسچا ڈی سوزا نے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ گھوڑے کو پیار کر رہی ہیں جو صارفین کو شاید سلمان کے گھوڑے سے ملتا جلتا لگ رہا تھا۔ ایک صارف نے کمنٹ بھی کیا کہ تصویر کھینچنے والے سلمان خان ہی ہیں۔ بہرحال اداکارہ نے نہ تو اپنے مداحوں کے گمان کی تصدیق کی اور نہ ہی انکار کیا۔ یورپی ملک رومانیہ سے تعلق والی سنگر اور ٹی وی ہوسٹ لولیا وینٹر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سلمان خان کے ساتھ محبت کے رشتے میں بھی بندھی ہوئی ہیں، تاہم سلمان خان نے اس حوالے سے کھل کر کبھی کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے گھڑ سواری کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس کے مناظر بالکل سلمان خان کی ویڈیو سے مماثلت رکھتے تھے۔ تو شائقین کو خیال آیا کہ کہیں یہ بھی تو سلمان خان کے فارم ہاؤس پر ہی تو وقت نہیں گزار رہیں۔
لولیا وینٹر نے اس سے قبل بھی قرنطینہ سے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ فراغت کے لمحات انجوائے کر رہی ہیں۔ جیکلین فرنینڈس نے جب کہ ایک کتاب پڑھتے ہوئے تصویر شیئر کی تو وہ بھی انہی افواہوں کا نشانہ بن گئیں۔ یقیناً کوئی بھی اداکار شہر کے شور شرابے سے دور کسی بھی فارم پر وقت گزارانا چاہے گا، خواہ فارم ہاؤس سلمان خان کا ہی کیوں نہ ہو۔
مذکورہ اداکاراؤں کے سلمان خان کے فارم پر قیام پذیر ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے حتمی طور پر تو کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم ان کے مداح سوال ضرور اٹھا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ اکثر اداکار گھروں میں بند ہونے کے باوجود اپنے مداحوں کو محظوظ رکھنے کےلیے کچھ نہ کچھ شیئر کرتے ہیں۔ اس سے پہلے سلمان خان کی سابقہ سہیلی کترینہ کیف نے بھی اپنے گھر پر لاک ڈاؤن کے دوران جھاڑو لگانے اور کچن میں برتن دھونے کی ویڈیو شیئر کی تھی۔
