سلمی ظفر کے بعد شیری شاہ کے بھی جویریہ اور سعود پر الزامات

معروف اداکار جوڑی جویریہ اور سعود پر فراڈ کے الزامات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کیوںکہ سینئر اداکارہ سلمیٰ ظفر کے بعد اداکارہ شیری شاہ نے بھی میاں بیوی پر معاوضے کی عدم ادائی کے الزامات عائد کردیے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر اداکارہ سلمیٰ ظفر کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ اداکارہ جویریہ اور ان کے شوہر سعود نے ان کے ایک کروڑ روپے ادا کرنے سے انکاری ہیں۔ سلمیٰ ظفر نے جویریہ اور سعود کے پروڈکشن ہاؤس پر نہ صرف رقم ادا نہ کرنے بلکہ فنکاروں کے ساتھ ناروا سلوک کرنےکا الزام بھی عائد کیا تھا۔ دونوں میاں بیوی نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سلمیٰ ظفر کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت ہے تو پیش کرے۔
تاہم اب ایک اور اداکارہ و ماڈل شیری شاہ نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کردیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ جویریہ اور سعود نے ان کے بھی واجبات ادا نہیں کیے، انہوں نے جے جے ایس پروڈکشن کے ساتھ 2 ڈرامے کیے جس میں سے ایک یہ کیسی محبت اور ایک یہ زندگی ہے تھا۔ شیری نے کہا ہے کہ یہ ویڈیو کسی کی حمایت یا مخالفت میں نہیں ہے، سلمیٰ ظفرکی ویڈیو دیکھ کر بہت افسوس ہوا میں ان کی تکلیف سمجھ سکتی ہوں کیوںکہ میں بھی اسی تکلیف اور دکھ سے گزری ہوں۔ شیری شاہ کے مطابق میں نے جے جے ایس کے ساتھ ’یہ زندگی ہے‘ اور ’یہ کیسی محبت ہے‘ کیے جن کے پیسے مجھے نہیں ملے، ایسا نہیں کہ مجھے بالکل ادائی نہیں کی گئی، لیکن اب تک کی جو سب سے بڑی رقم مجھے دی گئی وہ ساڑھے 3 لاکھ روپے ہے جب کہ یہ کیسی محبت ہے کی 400 اقساط اور یہ زندگی ہے کی 100 سے زائد اقساط کا تقریباً ایک کروڑ روپیہ بنتا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اب یہ مسئلہ حل ہوجائے گا کیوںکہ جے جے ایس کو چینل کی جانب سے ادائی کی جارہی تو میری جویریہ سے گزارش ہے کہ مجھ سمیت جس جس کی ادائی آپ نے کرنی ہے، آپ اپنی سہولت سے تھوڑے تھوڑے کرکے ہی سہی لیکن سب کے پیسے دے دیں۔
شیری شاہ نے واضح کیا کہ یہ ویڈیو بنانے سے قبل میں نے کوشش کہ میری رقم مجھے مل جائے لیکن نہ میری کالز سنی جاتی تھیں اور جب میں گھر جاتی تو مجھ سے ملاقات بھی نہیں کی جاتی تھی۔ سلمیٰ ظفر کی ویڈیو دیکھ کر سوچا کہ اس مسئلے کوحل کیا جائے۔ میں نہ تو بدزبانی کررہی ہوں نہ کوئی الزام عائد کررہی ہوں لیکن مجھے میری محنت کے پیسے دے دیں۔ کنٹریکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میں سعود بھائی اور جویریہ کی چھوٹی بہن کی طرح تھی اور یہی سوچا تھا کہ یہ میرے پیسے لیکر کہاں جائیں گے، یہ میرا دوسرا گھر ہے لیکن میرا اعتماد ختم کیا گیا، یہ بات غلط ہے کہ ان دونوں نے کسی کے پیسے نہیں دینے۔ میں کوئی بدتمیزی نہیں کررہی لیکن سعود بھائی آپ کو میرے 90 لاکھ دینے ہیں۔ سلمیٰ ظفر نے جے جے ایس کے ساتھ کئی پراجیکٹس کیے ہیں تو ان کی رقم تو مجھ سے بھی زیادہ ہوگی۔
شیری شاہ نے سعود کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے رابطہ کریں، بات کریں۔ کیا میرے پیسے مانگنے سے ہمارا رشتہ ختم ہوگیا؟ آپ لوگوں نے تو رشتے ہی ختم کردیے، ہمارے اعتماد کی دھجیاں اڑا دیں، پروڈکشن ہاوسز میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں لیکن مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔ اگر آپ لوگ ادائی کرچکے ہیں تو ثبوت سامنے لائیں۔ شیری شاہ نے ساتھ ہی یہ بتایا کہ انہوں نے جویریہ اور سعود کو پیسے نہ دینے پر قانونی نوٹس بھی بھجوادیا ہے۔ شیری شاہ نے اپنی ایک اور انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کی قانونی ٹیم نے جے جے ایس پروڈکشن کو ساڑھے 92 لاکھ روپے کی ادائی کےلیے قانونی نوٹس بھجوادیا۔ شیری شاہ نے اپنی قانونی ٹیم کی جانب سے 24 جولائی کو جویریہ اور سعود کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس کی تصویر بھی شیئر کی، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکارہ کے جے جے ایس پروڈکشن کی جانب ساڑھے 77 لاکھ روپے رہتے ہیں۔
قانونی نوٹس میں جے جے ایس پروڈکشن سے ذہنی پریشانی دینے پر 10 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، ساتھ ہی جویریہ اور سعود سے وکلا کی فیس کی مد میں 5 لاکھ روپے ادا کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ قانونی نوٹس میں جویریہ اور سعود کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ 15 دن میں مذکورہ نوٹس کا جواب دیں، دوسری صورت میں شیری شاہ دونوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق رکھتی ہیں۔ شیری شاہ کی جانب سے قانونی نوٹس بھجوائے جانے پر تاحال جویریہ اور سعود نے کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی انہوں نے ان کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر کوئی مؤقف دیا ہے۔
