کمال خان نے سلومیاں کا فلمی کیریئر ختم کردینے کا دعویٰ کردیا

بھارتی فلمی ناقد کمال آر خان نے سلو میاں کا فلمی کیریئر ختم کردینے کا دعویٰ کردیاہے۔اداکار سلمان خان کی فلم ’رادھے‘ پر منفی تجریہ کرنے والے کمال آر خان کی جانب سے سلومیاں پر لفظی گولہ باری کا سلسلہ برقرار ہے۔فلمی ناقد پچھلے کئی روز سے ٹوئٹر پرسلمان خان کے خلاف توہین آمیز بیانات دے رہے ہیں۔آج پھر کےآرکے نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہےکہ ’بالی وڈ کے غنڈے بھائی کا دُکھ مجھ سے دیکھا نہیں جاتا، ایک اکیلے ناقد نے اس بیچارے کا پورا کیریئر ختم کردیا۔ لیکن کیریئر تھا ہی کہاں؟ ایکٹنگ کا ’اے‘ نہیں آتا، زبردستی کا اسٹار تھا، بس مجھے لوگوں کو بتانے میں تھوڑا وقت لگا‘۔
یاد رہے کٰہ بالی ووڈ کے سلو میاں نے اپنی فلم ’’رادھے، یور موسٹ وانٹڈ بھائی‘‘ کا ریویو کرنے (جائزہ لینے) کے لیے بھارتی فلموں کے تجزیہ نگار اور اداکار کمال آر خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ اس کے علاوہ سلو میاں کی قانونی ٹیم نے کے آر کے کو نوٹس بھیجا تھا اور مبینہ طور پر سٹی سول کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج سے اپیل کی تھی کہ اس کیس کی سماعت فوری کی جائے۔کمال آر خان نے سلو میاں کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس اور ہتک عزت کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ سلمان خان نے فلم’’رادھے‘‘ کا ریویو کرنے پر میرے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ میرے ریویو نے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ لہذا میں اب ان کی کسی فلم کا ریویو نہیں کروں گا۔
