سلیکٹڈ کے بعد سلیکٹرز اعتراف جرم کب کریں گے؟ نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ کے اعترافِ جرم کے بعد اب سلیکٹرز کے اعترافِ جرم کا انتظار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ پوری تیاری کیے بغیر اقتدار میں نہیں آنا چاہیے۔ حکومت سنبھالنے کے ڈیڑھ سال تک معیشت کے کچھ پہلوؤں کی سمجھ نہیں آتی۔ وزیراعظم نے تجویز دی کہ سسٹم پر نظرثانی کرکے آنے والی حکومت کو تیاری کا موقع فراہم کیا جانا چاہئیے۔تاہم وزیراعظم حکومت میں آنے سے قبل یہ بیان بھی دیتے رہے کہ ان کے پاس ایک زبردست ٹیم موجود ہے۔ وزیراعظم کے حالیہ بیان پر اپوزیشن کی جانب سے خوب تنقید کی جا رہی ہے۔ اور اب اس پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا بھی ردِعمل سامنے آیا ہے۔


انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹرز کی مسلط کی ہوئی سوغات کی نالائقی کی سزا بھگتنے والے 22 کروڑ پاکستانی آج آپ سے سوال پوچھ رہے ہیں کہ کیوں ووٹ چوری کر کے ایک ایسے شخص کو لایا گیا جو نہ اہلیت رکھتا تھا، نہ قابلیت، نہ تجربہ اور نہ تیاری؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ کے اعترافِ جرم کے بعد اب سلیکٹرز کے اعترافِ جرم کا انتظار ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اب تو عمران خان نے خود بھی اپنی نااہلی اور نالائقی کا اعتراف کرلیا ، حکومت چلانے کی تمہاری کوئی تیاری نہیں تھی لیکن تابعداری کی تیاری تھی، تمہاری حکومت چلانے کی تیاری ہو یا نہ ہو ، عوام نے تمہیں گھر بھیجنے کی تیاری کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا نام ہے اس شخص کا جو ڈھائی سال حکومت چلانے کے بعد کہتا ہے کہ مجھے حکومت چلانی نہیں آتی ، کہاں ہے وہ 200 افراد کی ٹیم جو یہ کہتا تھا کہ میرے پاس ہے ہمیں تو کہیں وہ ٹیم نظر نہیں آئی، نالائقی کے خلاف احتجاج کرنا تھا اس نے خود ہی اعتراف کر لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button