سمندر میں کسٹمز کی بڑی کارروائی، ہزاروں لیٹر سمگل شدہ ڈیزل ضبط

پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ میرین یونٹ نے انسدادِ سمگلنگ مہم کے تحت کھلے سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ہائی اسپیڈ ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

تفصیلات کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی معین الدین وانی نے بتایا کہ یہ کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے ساحلی علاقے مالان کے قریب کی گئی۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں سمندری راستے سے ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انفورسمنٹ میرین یونٹ نے الغفوری اور الکبیر نامی لکڑی کی دو لانچوں کو روک کر تلاشی لی، جس دوران دونوں لانچوں سے مجموعی طور پر 38 ہزار 265 لیٹر سمگل شدہ ہائی اسپیڈ ڈیزل برآمد ہوا۔

معین الدین وانی کے مطابق برآمد کیے گئے سمگل شدہ ڈیزل اور ضبط شدہ دونوں لانچوں کی مجموعی مالیت 4 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ حکام نے مقدمہ درج کر کے لانچیں اور سمگل شدہ ڈیزل تحویل میں لے کر کسٹمز گودام منتقل کر دیا ہے۔

Back to top button