سمگلڈ سگریٹس کی فروخت سے خزانے کو ماہانہ ڈیڑھ ارب کا نقصان

ملک بھر میں سمگل شدہ اور بغیر ڈیوٹی کی ادائیگی کےسگریٹس کی فروخت قومی خزانے کو ماہانہ ڈیڑھ ارب روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سگریٹ کی صنعت کو ایف بی آر کی جانب سے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی شرط کے باعث ستمبر 2019 میں 470 ملین کے برابر سگریٹس کی فروخت میں کمی کا سامنا رہا۔ سگریٹ کی فروخت میں کمی کی وجہ سے قومی خزانے کو بھی ماہانہ ڈیڑھ ارب کے خسارہ برداشت کرنا پڑا۔
سگریٹ کی صنعت سے وابستہ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ سگریٹ کی صنعت کو ایک جانب فروخت میں کمی کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب ڈومیسٹک مارکیٹ میں اسمگل شدہ اور بغیر ڈیوٹی ادائیگی کے سگریٹس کا شیئر بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے کمپنیوں کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔
صنعتی ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر حکومت ان دونوں کھاتوں پر ماہانہ بنیاد پر 1.5 ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھا رہی ہے۔ یہ سب اس وقت ہورہا ہے جب ایف بی آر جاری مالی سال 2019-20 کے دوران تمباکو شعبے سے 140 ارب روپے اکٹھا کرنےکا ہدف مقرر کر رکھا ہے
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) کی 2 لاکھ 50 ہزار 737 دکانیں ہیں جن میں سے 33 ہزار 385 دکانوں میں ستمبر 2019 میں صفر فروخت کی اطلاعات ہیں۔ شناختی کارڈ کی شرائط کے باعث ملک بھر میں کُل 33 ہزار 385 دکانوں نے سگریٹس فروخت کرنا بند کردیں۔ صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے قومی خزانے کو 1.040 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
باقاعدہ شعبے کی جانب سے مارکیٹ سروے کیا گیا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے شیئر میں جون 2019 تا ستمبر 2019 تک 51.1 تا 50.5 فیصد تک کمی آئی۔ بغیر ڈیوٹی ادائیگی سگریٹس میں 27.2 تا 27.7 فیصد اضافہ ہوا۔ فلپ مورس کا شیئر جون2019 میں 17 فیصد تھا جو اب 16.8 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اسمگل شدہ سگریٹس کے شیئر میں جون تا ستمبر 2019 تک 4.8 فیصد تا 5 فیصد اضافہ ہوا۔
رابطہ کرنے پر ایف بی آر کے رکن ان لینڈ ریوینیو پالیسی اور ترجمان ڈاکٹر حامد عتیق سرور کا کہنا تھا کہ تمباکو صنعت نے ایف بی آر سے اپنی فروخت میں کمی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی جبکہ جعلی سگریٹس کی فروخت روکنا ایف بی آر نہیں ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ ایف بی آر عہدیدار کا کہنا تھا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو اسی جاری ماہ کے اندر شروع کیا جائے گا جو حقیقی پیداوار کا پتہ لگانے اور موثر انداز میں غیرقانونی سگریٹس روکنے میں مدد دے گا۔
