سندھی گانے ’’آئی آئی‘‘ سے کوک سٹوڈیو 15 کا دھماکے دار آغاز

نئے گلوکار نعمان علی راجپر، ماروی اور سائبان کے سندھی گانے ’’آئی آئی‘‘ سے کوک سٹوڈیو 15 کا دھماکے دار آغاز کر دیا گیا ہے، نئے سیزن کا آغاز 1 سال کے وقفے سے کیا گیا ہے۔سندھی گانے کی شاعری نعمان علی راجپر اور بابر منگی نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی چار افراد نے ترتیب دی ہے، ’آئی آئی‘ کی موسیقی نعمان علی راجپر اور بابر منگی کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر ذالفقار علی جبار المعروف ذلفی اور عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے۔سندھی گانے کی تیاری میں کوک سٹوڈیو کے ساتھ گلوکار سیف سمیجو سمیت دیگر فنکاروں نے بھی معاونت کی اور سیزن 15 کے پہلے گانے کو 14 اپریل کو یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا۔گانے کو فوک سندھی موسیقی کی وجہ سے سراہا گیا، تاہم گانا زیادہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔’آئی آئی‘ کو یوٹیوب پر ایک ہی دن میں 10 لاکھ بار تک دیکھا گیا اور اسے صارفین نے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کے آغاز میں ہی مقامی زبان کے گانے کو ریلیز کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ سیزن میں مزید مقامی زبانوں کے گانے بھی پیش کیے جائیں گے۔کوک اسٹوڈیو 15 میں مجموعی طور پر 11 گانے ریلیز کیے جائیں گے اور امکان ہے کہ پنجابی، پشتو، بلوچی اور سرائیکی میں بھی گانے پیش کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ ’کوک اسٹوڈیو‘ کا پاکستان میں 2008 سے آغاز ہوا تھا اور جون 2008 میں اس کا پہلا سیزن ریلیز کیا گیا تھا۔ گزشتہ 16 سال میں اس کے 15 سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں اور ہر سال تقریبا ایک درجن یا اس سے زائد گانے ریلیز کیے جاتے ہیں۔کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے کنا یاری، تو جھوم اور پسوڑی نے بے حد پذیرائی حاصل کی تھی۔
