سندھ حکومت کا بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط

سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے، جس میں استدعا کی گئی کہ سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی اور حیدرآباد میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ نے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں یونین کمیٹیوں کی تعداد کا نوٹس واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا اور سکیورٹی فرائض سرانجام دینے کے لیے اہلکاروں کی عدم دستیابی پربھی اظہارتشویش کیا تھا۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ’صوبے کو سکیورٹی کے مسائل کا سامنا ہے اور کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے، لہٰذا سکیورٹی کے بہتر انتظامات ہونے تک سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں۔

جمعے کو وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے انتخابات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کیا اور ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔جمعے کی رات دیر تک پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنما اپنے اپنے دفاتر میں سر جوڑ کر بیٹھے رہے اور سنیچر کی صبح الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کی صورت میں ایک اور پیش رفت سامنے آئی۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سنیچر کو کراچی اورحیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تصادم کا خدشہ ہے۔

وزیر داخلہ نے جاری بیان میں کہا کہ  بلدیاتی انتخابات کے 15 جنوری کو انعقاد پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے، دو سیاسی جماعتیں 15 جنوری کو کروانے کے حق میں ہیں تو دو اس کی مخالف ہیں۔بعض شرپسند عناصر صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تصادم اور امن و امان کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ کوئی ایک چھوٹا سا واقعہ کراچی اور حیدرآباد میں کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں اور الیکشن سے متعلقہ دیگر فریقین کومعاملہ فہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کی فضا کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو حالات کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون کی روشنی میں مناسب حل نکالا جائے۔دوسری جانب وزارت داخلہ نے جمعے کی رات گئے احکامات جاری کیے ہیں کہ صوبائی الیکشن کمیشن کی درخواست پر بلدیاتی انتخابات کے دوران ایف سی تعینات کی جائے۔

وزارت داخلہ نے انتہائی حساس پولنگ سٹيشنوں کے باہر ايف سی تعینات کرنے اور مطلوبہ نفری مہیا کر کے پر امن انتخاب یقینی بنانے کا کہا ہے، وزارت داخلہ نے، صوبائی محکمہ داخلہ اور اليکشن کميشن سندھ کے سروے کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی مشاورت کے ساتھ يقينی بنانے کا حکم جاری کیا ہے۔

Back to top button