سندھ میں کورونا کی روک تھام کیلئے وبائی امراض ترمیمی ایکٹ نافذ العمل

سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے صوبے بھر میں وبائی امراض ترمیمی ایکٹ نافذ العمل ہو گیا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی منظوری کے بعد سندھ بھر میں وبائی امراض ترمیمی ایکٹ نافذ ہوگیا ہے جس پر عمل کرنا شہریوں، دکانداروں، فیکٹری مالکان اور ہر فرد کےلیے لازم ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہر ایک کےلیے ضابطہ کار پر عمل کرنا لازمی ہو گا اور جو کوئی بھی اس کی خلاف ورزی کرے گا اسے 10 لاکھ روپے تک کا بھاری جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کےلیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور قانون نافذ کرنے کا مقصد شہریوں میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کا شعور پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سماجی فاصلہ، ماسک کا استعمال، کارخانوں اور مارکیٹوں کے پر اس قانون کا اطلاق ہو گا جب کہ یہی قانون اجتماعات، مذہبی و سماجی تقاریب، لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر بھی لاگو ہوگا، پابندی والے کاروبار کھولنے پر بھی یہ قانون حرکت میں آئے گا۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہم سب نے وبائی امراض ترمیمی ایکٹ پر عمل کرنا ہے، آئیے اس وبا کے خاتمے کےلیے قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کراچی سمیت صوبے بھر کی مارکیٹوں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے رخ کرلیا ہے اور اس دوران ماسک، دستانے، سینی ٹائزر اور سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جب کہ والدین کے ساتھ بچے بھی بازاروں میں نظر آ رہے ہیں۔
