سندھ میں کے پی اور پنجاب کی طرح کا غیرسیاسی پولیس نظام لانا چاہتا ہوں

وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی ترقی کو پاکستان کی ترقی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں ترقی کے کام کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور چاہتا ہوں کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا (کے پی) کا پولیس نظام سندھ میں بھی آئے۔
وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس کراچی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں اسلام آباد سے ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ ‘میں کراچی کے لوگوں سے معذرت کرتا ہوں، اس لیے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں آسکا’۔وزیراعظم نے کہا کہ ‘ان منصوبوں میں 3 فلائی اوور اور 2 سڑکیں ہیں، کراچی پاکستان کا وہ شہر ہے، اگر کراچی اوپر جاتا ہے تو سارا پاکستان اوپر جاتا ہے، جب کراچی کا برا وقت آتا ہے تو سارے پاکستان کو یہ متاثر کرتا ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘سندھ میں تحریک انصاف کی حکومت نہیں بھی ہے تو پاکستان کے مفاد میں ہے کہ کراچی میں ترقی ہو، ہماری حکومت کی پوری کوشش ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے اندر جو حدود ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے ہم کراچی میں ترقی کے لیے پوری کوشش کریں گے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اٹھارویں ترمیم کے تحت سارے فنڈز صوبوں کو چلے جاتے ہیں لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم پاکستان اور سندھ کے لیے خاص کر کراچی کے لیے پوری کوشش کریں گے کیونکہ کراچی کی ترقی کا مطلب لوگوں کو روزگار دینا اور ملک کی معاشی نمو کو بڑھانا ‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ ‘دنیا میں جو بڑے بڑے شہروں کی ترقی ہی اس طرح ہوتے ہیں کہ ان کا نظام مختلف ہوتا ہے، ان کا بلدیاتی نظام، میٹروپولیٹن نظام مختلف ہوتا ہے وہ مختلف ہوتا ہے کہ اگر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ صوبے کے ترقیاتی فنڈ سے کراچی ٹھیک کرسکتے ہیں تو یہ ناممکن ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘اگر لاہور باقی شہروں سے بہتر ہوا تو یہ یاد رکھیں کہ پنجاب جو 60 فیصد پاکستان ہے اس کے تقریباً آدھے ترقیافنڈ لاہور پر خرچ ہوئے، اگر لاہور میں ترقیاتی کام ہوا تو باقی صوبے کو نقصان پہنچا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘بلدیاتی نظام صحیح طرح نہیں بننے کی وجہ سے ہم نے یہ جو نظام بنایا ہے اور کوشش کرتے ہیں کہ صوبوں کے ترقیاتی فنڈ سے شہروں کو ٹھیک کریں یہ ناممکن ہے، کوئی بھی بڑے شہر لندن، پیرس، نیویارک، تہران یا ممبئی دیکھیں، یہ شہر اس لیے بہتر چلتے ہیں کیونکہ ان کا اپنا ایک میٹروپولیٹن نظام ہے اور ان کا میئر براہ راست منتخب ہوکر آتے ہیں پھر ماہرین پر مشتمل ان کی ایک کابینہ بنتی ہے’۔
دنیا کے بڑے شہروں کے نظام کاحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ان کی کابینہ اپنا پیسہ اکٹھا کرتے ہیں، جس کو تجربے نے ثابت کردیا ہے کہ یہ دنیا کا بہتر نظام ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اب ہمارا جو بلدیاتی نظام ہے وہ یہی کررہا ہے’۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جو بڑے شہر ہیں ان کے براہ راست میئر یا ناظم بنیں گے پھر وہ اپنے نظام کے تحت جو باہر ہی ملکوں میں جو نظام ہے ان کے مطابق کیا جائے گا۔ویڈیو لنک خطاب میں انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پولیس بااختیار بنایا ہے اور پوری کوشش کررہے ہیں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہ ہو تاکہ پولیس کے پاس آزادی ہو، سندھ میں رینجرز ہیں اس کی وجہ یہی ہے کہ پولیس کی کارکردگی اس طرح کی نہیں ہے’۔ عمران خان نے کہا کہ ‘میں چاہتا ہوں کہ پوری دنیا یا پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہم جس نظام کو چلارہے ہیں وہ پولیس نظام سندھ میں بھی آئے’۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button