سندھ پولیس کا ایک اور کورونا کا شکار افسر انتقال کرگیا

سندھ پولیس کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ ایک اور پولیس افسر جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد وائرس کے باعث انتقال کرنے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے دفتر سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق ایم ٹی گارڈن میں تعینات 48 سالہ اے ایس آئی شیر گل خان نیازی کورونا کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران وائرس سے متاثر ہوا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دوران علاج پولیس افسر انتقال کرگیا۔ اس سے قبل 5 مئی کو کراچی میں کورونا وائرس کے باعث ایک پولیس اہلکار انتقال کرگیا تھا۔
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سرفراز نواز شیخ کا کہنا تھا کہ 55 سالہ پولیس کانسٹیبل محمد انیس انڈس اسپتال لے جانے کے دوران دم توڑ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کانسٹیبل ملیر میں ڈی ایس پی ایل سی کے پاس بطور گن مین تعینات تھا۔
قبل ازیں 3 مئی کو ایس ایس پی سٹی آفس میں بطور شفٹ آپریٹر کام کرنے والے اے ایس آئی محمد انور انتقال کرگئے تھے، ان میں 28 اپریل کو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ گزشتہ روز کورونا وائرس کے خلاف محاذ پر تندہی سے اپنے فرائض انجام دینے والے میجر محمد اصغر وائرس کا شکار ہو کر خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔
ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہوکر 3 ڈاکٹرز بھی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں ڈاکٹر فرقان، ڈاکٹر عبدالقادر سومرو اور ڈاکٹر زبیدہ ستار شامل ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے نہ صرف عام لوگ بلکہ فرنٹ لائن پر فرائض کی انجام دہی میں مصروف ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، پولیس کے لوگ بھی متاثر ہوئے ہیں جب کہ ان میں سے متعدد کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ 20 اپریل کو کراچی میں پولیس کے 15 اہلکاروں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد اعلیٰ انتظامیہ نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو ان اہلکاروں کے ساتھیوں اور اہل خانہ کے افراد کے بھی ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی تھی۔
28 اپریل کو سندھ پولیس میں چھ انسپکٹرز سمیت 50 سے زائد پولیس اہلکاروں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔
گزشتہ روز یہ رپارٹ سامنے آئی تھی کہ سندھ میں گزشتہ دو روز کے دوران پولیس کے افسران سمیت مزید 36 اہلکار میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد متاثرہ پولیس اہلکاروں کی تعداد 151 تک پہنچ گئی۔ ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا تھا کہ تقریباً 151 افسران اور اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ دو روز کے دوران 36 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ روز یہ رپورٹ بھی سامنے آئی تھی کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 33 پولیس اہلکار، ایک اسسٹنٹ کمشنر اور ایک ٹیچنگ اسپتال کے پرنسپل میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ملک میں 26 فروری کو سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس بیرون ملک سے آئے پاکستان میں آیا تھا۔ پہلے کیس کے آتے کے ساتھ ہی مختلف اقدامات اٹھائے گئے تھے، جس میں تعلیمی ادارے، پارکس، کیفیز، ریسٹورینٹ و دیگر چیزوں کی بندش شامل تھی جبکہ بعد ازاں اس پابندیوں کو جزوی لاک ڈاؤن میں تبدیل کردیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button