سوشل میڈیا صارفین نے نعمان اعجاز کا رگڑا کیوں نکالا؟

مشہور ٹی وی ڈرامہ "میرے پاس تم ہو” میں کامیاب کردار ادا کرنے والے ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی ایکٹنگ کے بارے عامیانہ تبصرہ کرنے پر اداکار نعمان اعجاز سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں۔
لاک ڈاؤن میں گھروں تک محصور پاکستانی فنکار سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنی مختلف سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز شئیر کر رہے ہیں جب کہ کچھ فنکار انسٹاگرام پر لائیو سیشنز منعقد کرکے اپنے مداحوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ یہ لائیو سیشنز گھروں میں محصور سوشل میڈیا صارفین کےلیے بھی تفریح کا ذریعہ ہیں۔ مشہور اداکار اور ہدایت کار واسع چوہدری نے اپنے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کیا جس میں وہ اداکار نعمان اعجاز کے ساتھ ہیں۔ اس لائیو سیشن کی ویڈیو متعدد سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے شئیر کی جا رہی ہے۔ لائیو سیشن کے دوران نعمان اعجاز نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’میں کل رات سوشل میڈیا پر کچھ مواد تلاش کر رہا تھا تو اُسی دوران ہمایوں سعید کا ایک ویڈیو کلپ سامنے آگیا جسے دیکھ کر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ وقت کے ساتھ لوگ بہت کچھ سیکھ جاتے ہیں لیکن ہمایوں ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔‘ انہوں نے مزید کہا ہے ’مجھے یقین ہے ایک دن ہمایوں سعید بھی حادثاتی طور پر اداکاری سیکھ جائیں گے۔‘
اسکے بعد نعمان اعجاز نے ہمایوں کے ساتھ ساتھ عدنان صدیقی کی اداکاری کے حوالے سے بھی کہا کہ وہ ہمایوں سعید کے نقش قدم پر ہیں یعنی ان کو بھی ابھی ایکٹنگ سیکھنا ہوگی۔ اس ویڈیو میں واسع چوہدری ان کی باتوں پر ہنستے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ نعمان اعجاز کی ان طنزیہ باتوں کو کچھ سوشل میڈیا صارفین نے مذاق کے طور پر لیا لیکن زیادہ تر نے انکی جانب سے ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی اداکاری پر نعمان کی طنزیہ گفتگو پر غصے کا اظہار کیا۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ اب جب نعمان ایجاز خود شوبز سے آؤٹ ہیں تو وہ اپنی ناکامی کا غصہ ان ساتھی اداکاروں پر نکال رہے ہیں جو آجکل مارکیٹ میں کامیاب ہیں اور ہٹ ڈرامے دے رہے ہیں۔
نعمان اعجاز کے نامناسب تبصرے پر ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی دونوں نے ایک انٹرویو میں اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ’اگر خدا نے آپ کو عزت سے نوازا ہے تو آپ کو اس بات کا شکر گزار ہونا چاہیے اور دوسروں کا بھی احترام کرنا چاہیے، میں ہمیشہ سب کی عزت کرتا ہوں اور بدلے میں مجھے اتنی عزت اور محبت ملی جس کے بارے میں میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’نعمان مذاق کررہے تھے یا سنجیدہ تھے میں نہیں جانتا لیکن ایک بات انہوں نے بالکل ٹھیک کی، کہ میں آج بھی سیکھ ہی رہا ہوں اور مجھے اُمید ہے کہ آگے بھی سیکھتا رہوں گا، ہاں نعمان جیسے سمجھدار جیسے اپنے پہلے ڈرامے میں تھے وہ آج بھی ویسے ہی ہیں، میں ایسا نہیں بننا چاہتا، میں ایسا کبھی نہیں سوچنا چاہتا کہ میں نے سب کچھ سیکھ لیا، کیوں کہ اگر میں ایسا کرتا ہوں تو میں شاید لوگوں کو اپنے نئے کام سے محظوظ نہیں کرسکوں گا‘۔
عدنان صدیقی کا نعمان کے بیان کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’ہم انسان ہونے کی حیثیت سے کبھی کبھار بھول جاتے ہیں کہ اللہ ہمیں دیکھ رہا ہے اور اپنی رحمتوں سے نواز رہا ہے، کبھی کبھار ہم اپنے ساتھیوں کا مذاق اڑاتے ہیں جو میرے خیال میں غیر ضروری ہے، میں نہیں سمجھتا کہ میں ایک اچھا اداکار ہوں لیکن میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عزت اور پیار سے نوازا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم کون ہوتے ہیں کسی ایسے شخص کا مذاق اڑانے والے جسے اللہ اپنی رحمت سے نواز رہا ہو‘۔عدنان صدیقی نے کہا کہ ’لوگ اکثر غلط بات کرکے ایسا ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ انہوں نے یہ سب مذاق میں کہا تھا لیکن یہ بات اچھی طرح سمجھ آجاتی ہے کہ مذاق میں کہنے کا اس شخص کا مقصد کیا تھا‘۔
دوسری جانب نعمان اعجاز نے ایک اور انسٹاگرام لائیو ویڈیو میں واضح کیا کہ انہوں نے یہ سب کچھ صرف اور صرف مذاق میں کہا تھا۔ اداکار نے اپنی ویڈیو میں بلاگرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج کل ان کے پاس کوئی کام نہیں تو وہ ان کے ایک بیان کو ہی متنازع بناکر پیش کررہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button