سوشل میڈیا ٹرولنگ پر صبا فیصل کے بیٹے کا بیوی کا دفاع

اداکارہ صبا فیصل کی جانب سے گھریلو جھگڑے پر اپنے بیٹے سے اعلان لا تعلقی اور بہو کو چارج شیٹ کرنے کے بعد ان کا بیٹا سلمان فیصل اپنی بیوی کے دفاع میں سامنے آگیا۔ سلمان فیصل نے اپنی پوسٹ میں عوام سے اپیل کی کہ ان کی اہلیہ کے حوالے سے غلط باتیں نہ کی جائیں، سلمان کی والدہ صبا فیصل نے ایک روز قبل بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بہو اور بیٹے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا، صبا فیصل نے واضح کیا تھا کہ اب ان کا اور خاندان کا انکے بیٹے سلمان سے کوئی تعلق نہیں۔ صبا نے بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس گھر میں نیہا ملک جیسی عورت آ جاتی ہے وہ جہنم بن جاتا ہے، تاہم انہوں نے اپنی بہو کی جانب سے گھر میں لگائی گئی آگ کی تفصیل نہیں بتائی۔

سلمان فیصل نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ والدہ بھی ان کی ہیں اور نیہا بھی ان کے بچے کی ماں ہیں، انہوں نے اپنی دو انسٹا گرام پوسٹوں میں سے ایک میں کسی کو مینشن کیے بغیر لکھا کہ صبا ان کی والدہ ہیں اور نیہا ان کی اہلیہ ہیں، لہذا سوشل میڈیا پر رد عمل دینے والے صارفین ان کے خلاف سوچ سمجھ کر بولیں۔ انہوں نے لکھا کہ ان کی والدہ اور اہلیہ کے خلاف باتوں سے انہیں تکلیف ہو رہی ہے، سلمان نے اپنی دوسری پوسٹ میں بھی کسی کو مینشن کیے بغیر لکھا کہ ’بہت ہوگیا، ہر کوئی سوچ سمجھ کر بولے، اپنی غلیظ سوچ اپنے پاس رکھیں۔

سلمان فیصل نے لکھا کہ نیہا ملک ان کی اہلیہ اور ان کے بچے کی ماں ہیں اور سب لوگوں کو ان کی عزت کرنی چاہئے، سلمان نے والدہ کی جانب سے عائد کردہ الزامات پر مزید کوئی وضاحت نہیں کی اور اپنی پوسٹس کے کمنٹس بھی بند کر دیئے۔

خیال رہے کہ صبا فیصل کی جانب سے بہو پر الزامات کا یہ سلسلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ کئی ماہ سے ان کے بیٹے اور بہو کے درمیان اختلافات کی خبریں وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر گردش کرتی آئی تھیں، گزشتہ سال کے آغاز اور وسط میں صبا فیصل کے بیٹے اور بہو کے درمیان طلاق کی خبریں پھیلی تھیں، جس پر اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔ بعد ازاں سلمان فیصل اور نیہا ملک نے بھی طلاق کی خبروں کو مسترد کر دیا تھا اور جوڑے کے ہاں نومبر 2021 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے درمیان اختلافات کی خبریں ختم ہو گئی تھیں، نیہا ملک اور سلمان فیصل نے 2019 میں شادی کی تھی اور انہیں ایک ہی بیٹا روحان سلمان فیصل ہے۔

Back to top button