سوشل میڈیا پر شہریوں کی کردار کشی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

حکومت نے سوشل میڈیا پر شہریوں کی کردار کشی اور توہین آمیز مواد شیئر کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا ،جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے اور قائم مقام چیئرمین نادرا خالد لطیف سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں سوشل میڈیا پر شہریوں کی ہراسگی، غیر اخلاقی مواد،بلیک میلنگ اور کردار کشی سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا اور ایسے جرائم کے ذریعے شہریوں کی ساکھ خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤسردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے، قائم مقام چیئرمین نادرا بریگیڈیئر (ر) خالد لطیف اور دیگر حکام شریک تھے۔

اجلاس میں ہراسگی اور کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنےکے معاملے پر PECA 2016 میں ضروری ترامیم لانے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو سوشل میڈیا پر ہراسگی، کردارکشی اور توہین آمیز مواد روکنے کے لیے قانون سازی اورانتظامی اقدامات کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لے گا۔

یہ ورکنگ گروپ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے کے بعد اپنی مرتب شدہ سفارشات وزارت داخلہ کو پیش کرے گا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پرتوہین آمیز مواد اور شہریوں کی کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عوامل معاشرے میں انارکی کا سبب بنتے ہیں۔

وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے سائبر کرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت اور فوری ایکشن لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز مواد اور شہریوں کی کردار کشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا سوشل میڈیا پرغیر اخلاقی اور توہین آمیز مواد کی تشہیر سے معاشرے میں انتشار اور بگاڑ کا خدشہ ہے، ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا معاشرے میں اخلاقی اقدار پامال کرنے والوں کے خلاف متعلقہ ادارے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں، شہری اپنی شکایات ایف آئی اے کے رابطہ نمبرز پر بھیجیں، شکایات پر بلا تاخیر عملدرآمد کریں گے۔

Back to top button