سوشل میڈیا پر مہوش حیات کی ہم شکل آتے ہی چھا گئی

عموماً جڑواں بہن بھائیوں کی شکل میں کافی مماثلت ہوتی ہے لیکن ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مہوش حیات کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی ایک ایسی ہمشکل خاتون کو تلاش کر لیا ہے جو نہ تو مہوش حیات کی بہن ہیں اور نہ ہی رشتہ دار لیکن شکل و صورت اور قد کاٹھ میں ہوبہو مہوش حیات کا کاپی لگتی ہیں۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں بند عوام اپنا زیادہ وقت سوشل میڈیا پر صرف کرتے نظر آتے ہیں۔ جس کی وجہ سے ہر روز ایک نیا ٹرینڈ اور ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتا نظر آتا ہے۔ آج کل سوشل میڈیا پر مہوش حیات کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے جس کی وجہ ماضی کی طرح ان کا کوئی متنازعہ بیان یا تصویر نہیں بلکہ اس کی وجہ ان کی ایک ہمشکل روزہ نامی لڑکی کا سامنے آنا ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا صارفین نے پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسڑی کی مقبول ترین اداکارہ مہوش حیات کی ایک ہم شکل کو تلاش کر لیا ہے۔ مہوش حیات سے مشابہت رکھنے والی اس لڑکی روزہ کا تعلق ایران سے ہے اور یہ ایک بلاگر، آر جے اور سرٹیفائیڈ اسٹائلسٹ بھی ہے۔ دونوں کا موازنہ کرنے سے انازہ ہوتا ہے کہ ان دونوں میں کافی مشابہت پائی جاتی ہے۔ کوئی بھی شخص پہلی نظر میں دیکھ کر دھوکہ کھا سکتا ہے۔
روزہ کے چہرے کے خدوخال نہ صرف حیران کن حد تک مہوش حیات سے ملتے ہیں بلکہ قد کاٹھ، چال ڈھال اور اداؤں میں بھی کافی مماثلت پائی جاتی ہے۔ اگر ایسا کہا جائے کہ ان کا ڈریسنگ کا انداز بھی ایک سا ہے تو ٖغلط نہیں ہوگا۔ دونوں کے بال، آنکھیں، ہونٹ اور بھنویں بھی ایک دوسرے سے کافی زیادہ مماثلت رکھتی ہیں۔ روزہ کو پہلی نظر میں دیکھنے کے بعد آپ بھی کشمکش میں مبتلاہو جائیں گے اور پہچاننے میں کافی مشکل ہوگی کیونکہ روزہ دکھنے میں بالکل مہوش جیسی ہی لگتی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مہوش حیات کی ہمشکل کی تصاویر صارفین کی جانب سے خوب وائرل کی جا رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے مہوش حیات سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ مہوش حیات نے 2010 میں ڈرامہ ’تھوڑی سی وفا چاہیے‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ بعدازاں انہوں نے میرے قاتل میرے دلدار، من جلی، پھر چاند پہ دستک، کبھی کبھی اور دل لگی جیسے ڈراموں میں کام کیا۔ مہوش کئی کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوئیں جن میں ایکٹر ان لا، لوڈ ویڈنگ، جوانی پھر نہیں آنی اور پنجاب نہیں جاؤں گی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ اپنے دوست میاں یوسف صلاح الدین کی بھر پور کاوشوں سے تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی مہوش اپنے خیالات اور حرکتوں کی وجہ سے اکثر تنقید کی زد میں رہتی ہیں۔ مہوش حیات ماضی قریب میں گلابی ٹراؤزر شرٹ زیب تن کر کے ڈانش کے بولڈ سٹیپس کرنے پر تنقید کا نشانہ بن چکی ہیں اس کے علاوہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کی مذمت نہ کرنے پر بھی انھیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ہالی ووڈ کے معتبر ترین آسکر ایوارڈز 2020 کی نامزدگیوں پر تحفظات کا اظہار کرنے پر بھی انھیں شدید عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے جبکہ رواں سال جنوری کے مہینے میں اداکارہ کا بولڈ فوٹو شوٹ سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت کی طرف سےان پر تنقید بھی کافی روز تک سوشل میڈیا پر زیر بحث رہی تھی۔
