سولر پینلز پر عائد 17 فیصد جی ایس ٹی ختم

وزیراعظم شہباز شریف نے سابقہ حکومت کے سولر پینلز پر عائد 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر یہ ملک کی تیل کی درآمد کے 20 ارب ڈالر کے بل کو کم کرنے کا واحد راستہ ہے۔
وزیر اعظم کی جانب سے یہ اعلان وزیراعلیٰ ہاؤس میں کراچی کے صنعتکاروں اور تاجروں کے ساتھ اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں معیشت کے اہم مسائل اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے تقریباً آدھے گھنٹے کے خطاب کے بعد وزیر اعظم نے تاجروں کو تجاویز اور سوالات کی دعوت دی جن میں سے کچھ پر فوری احکامات اور دیگر پر نظرثانی کا وعدہ کیا گیا۔
اجلاس کے بعد وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ سولر پینلز پر 17 فیصد ڈیوٹی کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہر گھر کے لیے لازمی سولر گیزر پالیسی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کہا گیا کہ اس وقت پاکستان کا تیل کا درآمدی بل 20 ارب ڈالر ہے، جسے شمسی توانائی کو فروغ دینے سے ہی کم کیا جا سکتا ہے، ملک میں سندھ اور بلوچستان کے علاقوں کے ساتھ ساتھ بہاولپور میں متبادل توانائی کے وسائل کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔
