سونیا حسین ابھی اس لائق نہیں کہ میرا اسکرپٹ کرسکیں

ڈرامہ سیریل ‘میرے پاس تم ہو’ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کا اداکارہ سونیا حسین کے بارے میں کہنا ہے کہ وہ ابھی اس قابل نہیں ہوئیں کہ ان کے اسکرپٹ پر بنا ڈرامہ کرسکیں۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل اداکارہ سونیا حسین نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ عائزہ خان سے قبل انہیں ‘میرے پاس تم ہو’ میں مہوش کا کردار نبھانے کی آفر دی گئی تھی تاہم انہوں نے اس لیے انکار کیا کیوں کہ انہیں خواتین کے لیے یہ کردار صحیح نہیں لگا۔ حال ہی میں سونیا نے ایک اور انٹرویو میں کہا تھا کہ عائزہ خان نے وہ کردار بخوبی نبھایا تھا۔
تاہم اب خلیل الرحمٰن قمر نے ایک انٹرویو میں سونیا حسین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی اس قابل نہیں ہوئیں کہ ان کے اسکرپٹ پر بنا ڈراما کرسکیں۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں سونیا حسین کے حوالے سے خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ ‘مسئلہ یہ ہے کہ کسی نے اسکرپٹ آفر کیا اور انہوں نے انکار کردیا، لیکن اسکرپٹ میں نے نہیں، ندیم بیگ اور ہمایوں سعید نے آفر کیا تھا، میں یہ بات یہاں واضح کردوں کہ میرا اسکرپٹ اگر آپ کو آفر بھی کیا جائے اور آپ قبول کربھی لیں تو آپ کام نہیں کرسکتے کیوں کہ آخری فیصلہ میں ہی کرتا ہوں’۔
خلیل الرحمٰن کے مطابق ‘سونیا حسین ‘مہوش’ کے کردار کےلیے کبھی بھی میرا انتخاب نہیں رہیں، وہ ابھی اس لائق نہیں ہوئیں کہ میرا اسکرپٹ کرسکیں’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘سونیا مجھ سے لاہور میں ملیں، میں نے ان سے سوال کیا کہ کیا تم نے ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کیا؟ تب انہوں نے یہ کہا تھا کہ جب ہمایوں سعید میرے مقابل کاسٹ نہیں تھے، اس لیے میں نے انکار کردیا تھا، اب وہی بہتر جانتی ہیں کہ کون سی بات سچ کیا ہے’۔
خلیل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ‘اگر کوئی ایسی اداکارہ یہ بات کرتی جس نے میرے ساتھ کام کیا تو میں سوچتا بھی لیکن جس کو میں نے آفر ہی نہیں کیا تو اس بات کا کوئی فائدہ نہیں’۔
یاد رہے کہ ‘میرے پاس تم ہو’ میں کام کرنے والی اداکارہ رحمت اجمل نے بھی خلیل الرحمٰن قمر کے نظریات سے خود کو الگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ رحمت اجمل کا کہنا تھا کہ ‘میں خلیل الرحمٰن قمر کے نظریات سے بالکل اتفاق نہیں کرتی، میں نے خلیل الرحمٰن قمر کا انٹرویو سنا اور ڈرامے کے اختتام سے قبل مجھے ان کے پریشان کن خیالات کا اندازہ ہوا، میں ایسے کسی پروجیکٹ کا حصہ بن کر فخر محسوس نہیں کرتی جس کے لکھاری کے نظریات ایسے ہوں’۔
اس پر جب میزبان نے خلیل الرحمٰن کی رائے پوچھی تو انہوں نے رحمت اجمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اداکاروں نے ڈرامے کی مقبولیت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
ایک موقع پر میزبان نے سوال کیا کہ ‘میرے پاس تم ہو’ کی کامیابی کے بعد یہ تاثر بن گیا کہ خلیل الرحمٰن قمر اور بھی زیادہ مغرور ہوگئے؟
اس پر ان کا کہنا تھا کہ ‘میں قسم کھا کر پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ خلیل الرحمٰن کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن مغرور نہیں ہوسکتا، میں صرف بےایمانی کے خلاف رہا ہوں اور ہمیشہ رہوں گا’۔
